تہران: اسلامی جمہوریہ ایران نے یمن میں سرگرم تمام فریقین اور گروہوں پر زور دیا ہے کہ وہ اختلافات کے خاتمے کے لئے باہمی مذاکرات کا راستہ اپنائیں جس کے ذریعے سے یمنی قوم کے خلاف دشمنوں کی سازشیں ناکام ہوں گی۔
یہ بات ترجمان دفترخارجہ 'بہرام قاسمی' نے پیر کے روز یمن کی تازہ ترین صورتحال اور وہاں ہونے والی حالیہ تبدیلوں پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہی۔ قاسمی نے مظلوم یمنی عوام پر جاری غیرملکی جارحیت اور ملک میں وسائل اور بنیادی ڈھانچوں کی تباہی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یمن کے تمام سیاسی اور سماجی فریقین یکجہتی کے ساتھ غیرملکی جارحیت کے خلاف قومی اتحاد کی فرنٹ لائن پر رہیں گے۔
انہوں نے یمن میں حالیہ تنازعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ باہمی مذاکرات اور بات چیت کے لئے ذریعے ہی یمن میں خانہ جنگی، تنازعات کو حل اور دشمنوں کی سازوں کا ناکام بنایا جاسکتا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، گزشتہ ہفتے سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے یمنی فریقین انصاراللہ اور سابق صدر علی عبداللہ صالح کے خلاف اشتعال انگیز اقدامات کئے جارہے ہیں جس کی وجہ سے ملک میں کشیدگی کی فضا پیدا ہوئی ہے۔