امریکہ اپنی بقا شرپسندی، تشدد اور جنگوں میں دیکھتا ہے: آیت اللہ خامنہ ای
3376
M.U.H
08/02/2019
قائد اسلامی انقلاب حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ جابر امریکی انتظامیہ نے نہ صرف آج بلکہ ہمیشہ سے شرپسندی، تشدد، بحرانوں اور جنگوں کو ہوا دی ہے جس کا مقصد صرف ذاتی مفادات کا حصول ہے۔
ان خیالات کا اظہار سپریم لیڈر حضرت آیت اللہ ''سید علی خامنہ ای'' نے جمعہ کے روز فضائیہ کے کمانڈرز، پائلیٹس اور اعلی افسران کے ساتھ ایک ملاقات میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر انہوں نے فرمایا کہ امریکہ کا نقطہ نظر شرپسندی، تشدد، بحران اور جنگ کی فضا پیدا کرنا ہے اور اس نے ہمیشہ اپنی بقا اور مفادات کے حصول کے لئے ہر کام میں دخل اندازی کی ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا کہ امریکہ شرپسندی کا مظہر ہے پھر وہ گلہ کرتے ہیں کہ ان کے خلاف امریکہ مردہ باد کے نعرے کیوں لگائے جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ ہم امریکیوں کو یہ کہنا چاہتے ہیں کہ امریکہ مردہ باد کا مطلب ٹرمپ، پومپیو اور جان بولٹن پر مردہ باد. امریکہ مردہ باد سے مراد ان جابر امریکی حکمرانوں پر مردہ باد جو موجودہ انتظامیہ میں ہیں۔
حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے یہ واضح کردی ہے کہ ہمیں امریکی قوم سے کوئی سروکار نہیں، مردہ باد کا نعرہ موجودہ امریکی انتظامیہ کے بعض جابر حکمرانوں پر لگایا جاتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جب تک امریکہ منحوس، خبیث اور مکروہ اقدامات کرتا رہے گا ایرانی عوام کے منہ سے امریکہ مردہ باد کا نعرہ ختم نہیں ہوگا۔
قائد اسلامی انقلاب نے فرمایا کہ آج کل یورپ اور ان کی پیشکش پر بات کی جارہی ہے، میری یہی تجویز ہوگی کہ امریکہ کی طرح ان پر بھی بھروسہ نہ کیا جائے. میں نے گزشتہ چند برسوں میں بھی امریکہ سے متعلق جوہری مذاکرات کے دوران ملکی حکام کے ساتھ خصوصی نشستوں میں کہا تھا کہ امریکی وعدوں، مسکراہٹ اور ان کے دستخطوں پر ہرگز بھروسہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے فرمایا کہ میرا یہ مطلب نہیں کہ یورپ سے تعلق نہ رکھا جائے، مگر بات بھروسے کی ہے. پیرس کی سڑکوں میں عوام احتجاج کے لئے نکلتے ہیں مگر ان پر تشدد کرکے انھیں بصارت سے محروم کیا جاتا ہے پھر انتہائی بے شرمی کے ساتھ ایران میں انسانی حقوق کی صورتحال پر سوال اٹھائے جاتے ہیں۔
ایرانی سپریم لیڈر نے مغرب کو مخطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ کیا آپ انسانی حقوق پر جان کاری رکھتے ہیں؟ آپ نہ تو آج اور نہ ہی اپنی تاریخ میں انسانی حقوق کی کوئی چیز جانتے ہیں۔
انہوں نے اسلامی انقلاب کی 40ویں سالگرہ کی مناسبت سے فرمایا کہ 11 فروری میں ہونے والی ملک گیر ریلیاں، انقلاب کی طرح ایک تاریخی دن ہے. ہم نے دوسرے ممالک کے انقلاب سے متعلق تقاریب کو دیکھا ہے جس میں ایک سرکاری تقریب اور فوجی پریڈ ہے مگر یہاں عوام سڑکوں پر نکلتے ہیں اور فروری کے سرد موسم میں لاکھوں افراد گھنٹوں کھڑے رہتے ہیں اور یہ سلسلہ گزشتہ 40 سال سے جاری ہے۔
آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے مزید فرمایا کہ انقلاب ریلیاں دشمنوں کی صفوں کو توڑنے اور دشمنوں پر غلبہ پانے کا ایک سنہری موقع ہے، اس سے ہمارا مضبوط قومی عزم اور اتحاد ظاہر ہوتا ہے۔