دنیا کے تمام ممالک سے باہمی تعلقات میں دلچسپی ہے : ایران
1170
M.U.H
12/07/2018
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایرانی صدر کے خصوصی ایلچیوں کے حالیہ غیرملکی دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنا چاہتا ہے اور ان دوروں سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ مختلف مسائل کے بارے میں تہران کے موقف کو بیان کرنے کی بھر پور کوشش ہو رہی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایران کے اعلی حکام کے حالیہ غیر ملکی دوروں اور ان ممالک کے حکام کو ایرانی صدر کے پیغامات پہنچانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے جوہری معاہدے سے امریکہ کی غیر قانونی اور یکطرفہ علیحدگی کے بعد واشنگٹن کی جانب سےعالمی قوانین کی دھجیاں اڑانے کو دوسروں پر واضح اور آشکارا کرنے کے لئے اپنے حکام کو مختلف ممالک میں بھیجنے کا فیصلہ کیا۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ ایران کے وزیر خارجہ کی جانب سے کئی ملکوں کے اعلی حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کے بعد یہ طے پایا کہ ایران کے صدر کے پیغامات مختلف ممالک کے ان کے ہم منصبوں تک پہنچایا جائے تاکہ وہ تازہ ترین صورتحال اور جوہری معاہدے کے حوالے سے ایران کے موقف سے آشنا اور آگاہ ہو سکیں ۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے 8 مئی کو ایران جوہری معاہدے سے علیحدگی کا اعلان کردیا جس کے بعد دنیا کے مختلف ممالک بشمول روس، چین اور یورپی یونین نے امریکی صدر کے اس فیصلے کی مخالفت کر کے جوہری معاہدے کے تحفظ پر تاکید کی۔