جنیوا: اقوام متحدہ نے بنگلہ دیش-میانمار سرحد پر پھنسے تقریباً 15 ہزارروہنگیا نقل مکانی کرنے والوں کے انسانی بحران کے سلسلہ میں گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ رفیوجی ایجنسی (یو این ایچ سی آر)کے ترجمان آندریز مہکک نے صحافیوں سے کہا کہ اتوار کی شب تک تقریباً10-15ہزار روہنگیائی انجمن پاڑہ سرحد کو پار کر کے بنگلہ دیش میں آئے ہیں۔
مسٹر مہکک کے مطابق کچھ رفیوجیوں نے بتایا کہ تشدد کے باوجود کچھ لوگ رخائن میں ہی رہنے کا فیصلہ لیاہے،لیکن ان کے گھروں کو آگ کے حوالہ کردیا گیا۔اس کے بعد انہیں بھی وہاں سے جان بچاکر بھاگنا پڑا۔ قابل غور ہے کہ صوبہ رخائن میں 25اگست سے جاری تشدد کے سبب تقریباً پانچ لاکھ 82ہزار روہنگیا مسلمان اپنی جان بچاکر بنگلہ دیش پہنچے ہیں۔اقوام متحدہ سمیت کئی ممالک نے روہنگیا کے خلاف تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔