یمن پر سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کی وحشیانہ جارحیت کا سلسلہ جاری ہے اسی کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے وزیرمملکت برائے خارجہ امور انور قرقاش نےعراق اور افغانستان میں امریکی حملوں میں بے گناہ شہریوں کے قتل عام کا حوالہ دیتے ہوئے یمن پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حملوں میں بے گناہ شہریوں کے قتل عام کا جواز پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔
یمن کے نہتے اور بے گناہ شہریوں پر سعودی حکومت کے وحشیانہ حملے جاری ہیں۔ سعودی حکومت کے جنگی طیاروں نے جمعرات کو بھی یمن کے مغربی ساحل پر حملہ کر کے کم سے کم سات یمنی شہریوں کو شہید اور زخمی کردیا۔
المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے سعودی حکومت کے اس وحشیانہ حملے میں شہید ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے یہ حملہ یمن کے مغربی صوبے الحدیدہ کے التحیتا علاقے میں کیا گیا۔
اس درمیان متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور انور قرقاش نے عراق اور افغانستان میں امریکی حملوں میں بے گناہ شہریوں کے قتل عام کا حوالہ دیتے ہوئے یمن پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حملوں میں بے گناہ شہریوں کے قتل عام کا جواز پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے وزیرمملکت برائے خارجہ امور نے یہ جواز پیش کرتے ہوئے کہ یمن پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے حملے سے مشکلات و مصائب بھی پیدا ہو رہے ہیں جس طرح سے عراق اور افغانستان میں امریکا کے حملوں سے لوگوں کے لئے مسائل پیدا ہوئے اعتراف کیاکہ یمن میں سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے ہاتھوں عام شہریوں کا قتل عام ویسا ہی ہے جیسا عراق اور افغانستان میں امریکا اور نیٹو نے کیا تھا۔
متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور انور قرقاش نے دعوی کیا کہ سعودی عرب اوراس کے اتحادیوں نے یمن میں عام شہریوں کا جو خون بہایا ہے یا بہارہے ہیں وہ خود یمنی شہریوں کی سیکورٹی کے لئے ہیں۔
اس سے پہلے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے ماہرین نے اکتالیس صفحات پر مشتمل اپنی رپورٹ میں یمن میں بازاروں، شادی کی تقریبات، لوگوں کی تدفین کی رسومات میں موجود بھیڑ اور ماہیگیروں کی کشتیوں اور اسکولی بچوں کی بس پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے حملوں کو جنگی جرائم قراردیا تھا۔
امریکی وزیرجنگ نے بھی چند روز قبل یمن میں عام شہریوں پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے ہوائی حملوں کا اعتراف کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ امریکا کی کوشش ہے کہ یمن میں عام شہریوں کی جان کا نقصان کم سے کم ہو۔
دوسری جانب یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نےکہا ہے کہ انہوں نے سعودی عرب کے جنوب میں سعودی فوج کا ایک جدید ترین ڈرون طیارہ مار گرایا ہے۔
المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس کے ایئرڈیفنس یونٹ نے سعودی عرب کے جنوب میں واقع جیزان کے علاقے الطوال میں جارح سعودی فوج کا سی ایچ چار قسم کا ایک جدید ترین ڈرون طیارہ مارگرایا ہے ۔ یمنی فوج نے گذشتہ جمعے کو بھی سعودی عرب کے جنوبی علاقے نجران میں سعودی حکومت کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا تھا۔