ماسکو - بیلاروس کی کونسل آف نیشنل اسمبلی (سینیٹ) کے چیئرمین نے ایران کو ایک طاقتور، دوست اور تہذیب یافتہ ملک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں ڈاکٹر حسن روحانی کی تقریب حلف برداری میں شرکت پر فخر ہے۔ یہ بات 'میخائل میس نیکووچ' جو آج بروز جمعہ اسلامی جمہوریہ ایران کے 12ویں صدر 'حسن روحانی' کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے ایران روانہ ہونا ہے، نے ارنا کے نمائندے کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر انہوں نے 6 ماہ پہلے اپنے دورہ ایران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہزاروں سال سے ایران یک تہذیب یافتہ اور امن دوست ملک ہے اور ہم ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے ایران کو علاقے کا طاقتور ملک قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ ایران خطے اور عالمی سطح پر ایک اثر و رسوخ رکھنے والا ملک ہے جس کی اقتصادی طاقت اور اس کی قابلیتوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
66 سالہ بیلاروسی سینیٹ کے چیئرمین نے اس بات پر زور دیا کہ تہران اور منسک کے درمیان بہت سے مشترکات ہیں جس کے تناظر میں ہم ان تعلقات کو مزید بڑھانے کے لئے کوششیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال ایران اور بیلاروس کے تعلقات کے قیام کو 26 سال ہوجائیں گے جب کہ دونوں ممالک نے سیاسی، اقتصادی، تجارتی، تعلیمی، سیاحتی اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔
میخائل میس نیکووچ نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور بیلاروس کے درمیان گزشتہ مئی میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کی توسیع کے لئے روڈمیپ پر بھی دستخط کئے گئے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بیلاروس، ایران کے ساتھ پارلیمانی شعبے بالخصوص دونوں ممالک کے صوبوں کے درمیان بھی تعاون کے قیام کا خواہاں ہے۔