عالم اسلام صیہونیت کی تباہی کا مشاہدہ کرے گا: آیت اللہ خامنہ ای
565
M.U.H
22/02/2024
تہران: رہبر انقلاب اسلامی ایران آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ آج عالم اسلام کا سب سے بڑا مسئلہ غزہ ہے اور عالم اسلام صیہونیت کے سرطانی ٹیومر کی تباہی کا مشاہدہ کرے گا۔
آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے آج جمعرات 22 فروری کو اسلامی جمہوریہ ایران میں منعقدہ 40 ویں بین الاقوامی قرآنی مقابلے کے شرکاء سے ملاقات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کتاب انذار ہے ہمیں اس انذار (انتباہ) کی ضرورت ہے تاکہ ہمیں ان خطرات سے آگاہ کیا جائے جو اس دنیا اور آنے والی دنیا میں جو حقیقی زندگی ہے، انسانیت کے لیے خطرہ ہیں۔
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ قرآن کریم انسانی غموں کا علاج کرنے والی کتاب ہے، خواہ وہ انسانوں کے روحانی، اور فکری غم ہوں یا جنگوں، مظالم، ناانصافیوں جیسے انسانی معاشروں کے غم ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی ایران کے عوام اور پوری امت اسلامیہ میں قرآن کی تعلیمات کو سمجھنے کی خواہش روز بروز بڑھنا چاہیے کیونکہ یہ قرآن کتاب ہدایت ہے اور ہم سب کو اس کی ضرورت ہے۔ قرآن ذکر کی کتاب ہے اور عموماً ہم غافل ہیں اور انسان اپنی معلومات کو بھول جاتے ہیں اور قرآن ہمیں یاد دھانی کراتا ہے۔
اس ملاقات میں رہبرانقلاب اسلامی کے بیانات کے چند اہم نکات حسب ذیل ہیں:
آج عالم اسلام کا سب سے بڑا مسئلہ غزہ ہے
اسلامی ممالک کے سربراہان صیہونیت کی حمایت بند کرنے کا اعلان کیوں نہیں کرتے ؟
یقیناً عالم اسلام غزہ کے لیے سوگوار ہے
دنیا بھر غیر مسلم آزاد منش لوگ بھی غزہ کے لیے سوگوار ہیں
اسلامی دنیا صیہونیت کے سرطانی ٹیومر کی تباہی کا مشاہدہ کرے گی
آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے مزید کہا کہ خداوند متعال مسلم اقوام سے اس لیے کہ انہوں نے اپنی حکومتوں پر صیہونی حکومت کی حمایت بند کرنے کے لیے دباؤ کیوں نہیں ڈالا اور اسلامی حکومتوں سے قرآنی احکامات پر عمل نہ کرنے پر سوال اور ان کا مواخذہ کرے گا۔
آپ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ یقیناً غزہ اور فلسطین کی تحریک مزاحمت صیہونی دشمن کے مقابلے میں اپنی استقامت کے ذریعے قرآنی تعلیمات اور احکامات پر عمل پیرا ہے اور خداوند تعالیٰ کے لطف و کرم اور قرآن کے وعدے کے مطابق اللہ کی نصرت انہیں نصیب ہوگی۔