اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب انسانی حقوق کے ارکان کو غیر مشروط طور پر رہا کرے۔
انسانی حقوق کادفاع کرنے والوں کی مسلسل گرفتاریوں اور بلا وجہ حراست میں لئے جانے پرتشویش ظاہر کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفترنے سعودی عرب پر زور دیا ہے کہ وہ ان تمام لوگوں کو غیر مشروط طور پر رہا کرے جن میں وہ مہم جو بھی شامل ہیں جنہوں نے عورتوں کی ڈرائیونگ پر پابندی ختم کرانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
اقوام متحدہ کے متعلقہ ادارے کی روینا شم دسانی نے کل نامہ نگاروں کو بتایا کہ 15مئی سے اب تک حکومت نے کئی ناقدین کو گرفتار کیا ہے جبکہ بعض معاملات میں حراست میں لئے جانے والوں کے بارے میں کچھ پتہ نہیں کہ ان کے ساتھ کس قسم کا سلوک روا رکھا جارہا ہے اور وہ کہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاملات سنگین ہیں اور گرفتار ہونے والوں سے عدم شفافیت برتی جارہی ہے ۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں اظہار رائے پر پابندی عائد ہے اورکسی کو بھی حکومت اور آل سعود پر تنقید کرنے کی اجازت نہیں تنقید کرنے والوں کو یا تو پابند سلاسل کیا جاتا ہے یا پھر انھیں موت کی ابدی نیند سلا دی جاتی ہے۔