ایران کا مستقبل انتہائی روشن اور تصور سے بالاتر: آیت اللہ خامنہ ای
2100
m.u.h
31/01/2023
رہبر انقلاب اسلامی نے صنعتکاروں، ایران کے پیداواری مراکز اور نالج بیسڈ کمپنیوں کے سربراہوں اور ماہرین سے خطاب میں ملک کے مستقبل کی جانب پیداواری مراکز کے ماہرین کی پرامید نگاہ اور جوش و جذبے کو قابل قدر قرار دیا۔ آپ نے فرمایا کہ قدرتی ذخائر، جغرافیائی، بین الاقوامی اور سیاسی پوزیشن اور تعلیم یافتہ اور ماہر افرادی قوت پر مشتمل ایران کی طاقت، ایسے روشن مستقبل کی نوید ہے جو موجودہ اندازوں سے کہیں زیادہ بالاتر ہوگی۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اس روشن مستقبل کے حصول کے لئے مسلسل اور تیزرفتار اقتصادی ترقی، سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں پیشرفت اور افادیت اور کار و باری سہولتوں میں اضافے کو انتہائی ضروری قرار دیا۔
آپ نے فرمایا کہ ایرانی نوجوان سائنسدانوں کو دنیا کی جدیدترین ٹیکنالوجی کی سرحدوں کو بھی پار کرنا چاہئے تا کہ پچاس سال بعد بھی اگر کسی کو سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں قدم آگے بڑھانا ہو تو ہر طرح کا علم اسے اس سرزمین اور فارسی زبان میں میسر ہوسکے۔