اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے عالمی سطح پر جنگ و تنازعات کا دائرہ پھیلنے کی بابت تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹرش نے نئے عیسوی سال کے آغاز کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دنیا میں جنگ و تنازعات خاصا شدت اختیار کر گئے ہیں اور نئے نئے خطرات ابھر کر سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے سال دو ہزار اٹھارہ میں درپیش ممکنہ خطرات کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے عالمی برادری کو امن و بھائی چارے کی دعوت دی۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ جب انہوں نے ایک سال قبل اس عالمی ادارے کا عہدہ سنبھالا تھا تو اس وقت کہا تھا کہ سال دو ہزار سترہ کو امن و صلح کا سال ہونا چاہئے لیکن افسوس کہ اس کے برعکس صورتحال سامنے آئی۔
اینٹونیو گوٹرش نے کہا کہ موجودہ حالات میں ایٹمی ہتھیار، آب وہوا اور ماحولیات کی تبدیلی، زمین کے درجہ حرارت میں اضافہ، سماجی عدم مساوات، انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور غیروں کے سلسلے میں عدم برداشت وہ مسائل ہیں جو باعث تشویش ہیں۔
انہوں نے دنیا کے لوگوں سے کہا کہ وہ اپنی انسانی اقدار کے دفاع کی کوشش کریں اور اتحاد و یکجہتی کے ساتھ اپنے تنازعات کو حل کریں۔