سرحدی سیکورٹی اور مکران کی ترقی ایران کی ڈیفنس اسٹریٹجی کا حصہ ہے: باقری
2972
M.U.H
02/01/2019
ایرانی مسلح افواج کے سربراہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملکی سرحدوں کی سلامتی اور مکران خطے کی ترقی اسلامی جمہوریہ ایران کی دفاعی حکمت عملی کا ایک اہم حصہ ہے۔
میجر جنرل ''محمد باقری'' نے بدھ کے روز ایران کے جنوبی علاقے ''جاسک'' میں بحریہ کی دفاعی تنصیبات کے دورے کے موقع پر مزید کہا کہ خطے میں سلامتی کا قیام صرف علاقائی ممالک کے اجتماعی تعاون سے ہی ممکن ہے جبکہ اغیار کی موجودگی سے صرف مشکلات پیدا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی بحریہ دنیا میں واحد خودمختار فورس ہے جو سمندری قزاقوں کا مقابلہ کرتی ہے۔
جنرل باقری نے خلیج فارس کے جزیروں کے لئے قائم مضبوط سلامتی کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ ان جزیروں میں موجود سیکورٹی ماہر فورسز اور جدید عسکری ٹیکنالوجی کے استعمال کی مرہون منت ہے.
انہوں نے کہا کہ آزاد پانیوں میں ایران کی تجارتی اور تیل بردار کشتیوں کو تحفظ فراہم کرنا ایرانی بحریہ کی اہم ذمہ داریوں میں سے ہے جس کا سلسلہ صحیح سمت میں جاری ہے۔
اس موقع پر ایرانی فوج کے ڈپٹی کوآرڈینٹر ایڈمیرل حبیب اللہ سیاری نے بھی کہا کہ مکران ساحل کی ترقی سے متعلق نائب ایرانی صدر کی قیادت میں ایک خصوصی ورکنگ گروپ سرگرم عمل ہے جبکہ بحریہ بھی اس مقصد کے حصول کے لئے اپنا کردار ادا کررہی ہے۔