صنعا : یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ اگر یمن کا محاصرہ جاری رہتا ہے تو ہم سعودی ٹھکانوں کو نشانہ بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دشمن کے اہم اور حساس ٹھکانوں کو نشاندہی کرلی ہے۔
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک بدرالدین الحوثی نے پیغمبراسلام حضرت محمد مصطفے صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جشن ولادت کی ایک مرکزی تقریب کو خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے ذریعے یمن کا محاصرہ جاری رکھے جانے پر سخت انتباہ دیا اور کہا کہ یمن کو یہ حق پہنچتاہے کہ وہ دشمن کی جارحیت کا جواب دے۔
یمن کی تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے یمن کے جنوبی اور مشرقی صوبوں کے باشندوں سے کہا کہ وہ دشمن کے قبضے سے اپنے علاقوں کو آزاد کرانے کے لئے عملی اقدام کریں۔ انہوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم صیہونی حکومت کے مقابلے میں فلسطین اور لبنان کے استقامتی محاذ کے شانہ بشانہ ہیں۔
اس درمیان یمن کی فوج اور عوامی رضا کارفورس کے میزائل یونٹ نے جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب سعودی عرب کے جنوبی صوبے عسیر میں سعودی فوجی اڈے خمیس مشیط پر درمیانہ فاصلے تک مارکرنے والے بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے اس دعوے کے باوجود یمنی میزائل کو ہدف پر گرنے سے پہلے ہی تباہ کردیا گیا یمنی فوج کا کہنا ہے کہ یہ میزائل اپنے ہدف پر جاکر گراہے۔
یمنی فوج نے گذشتہ مہینے بھی اپنے دور مار بیلسٹک میزائل سے ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا تھا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے ذریعے یمن کا محاصرہ روزبروز تنگ کردیئے جانے کے بعد بھی یمنی فوج اور عوامی رضا کارفورس کی دفاعی صلاحیتوں میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
سعودی عرب نے اپنے چند اتحادی ملکوں کے ساتھ مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ جارحیت کا سلسلہ شروع کررکھا ہے جس کے نتیجے میں اب تک دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوگئے ہیں جبکہ سعودی عرب کے ذریعے یمن کا محاصرہ جاری رہنے کی وجہ سے یمنی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ادویات و طبی سہولتوں کا فقدان ہوجانے کی وجہ سے ہزاروں افراد لقمہ اجل بن چکےہیں اور طرح طرح کی وبائی بیماریاں بھی پھیل رہی ہیں۔