اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں نماز جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی کی امامت میں منعقد ہوئی جس میں لاکھوں مؤمنین نے شرکت کی۔ نماز جمعہ کے خطیب نے داعش کو وہابی صہیونی دہشت گرد تنظیم قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ داعش سے سخت انتقام لیا جائے گا اور داعش کا قلع و قمع کرنا واجب شرعی ہے۔ آیت اللہ خاتمی نے شہید محسن حججی کی دردناک اور غمناک شہادت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شہید محسن حججی نے اسلام اور انسانیت کی سربلندی اور سرافرازی کے لئے اپنا سر کٹا دیا اور اپنے مولا اور آقا کی طرح اس دور کے یزیدیوں کو عالمی سطح پر ذلیل اور رسوا کردیا۔ انھوں نے کہا کہ شہید محسن حججی انقلاب اسلامی کے عظیم اور مایہ ناز سپاہی تھے جنھوں نے کربلا کی شیر دل خاتون اور نواسی رسول (ص) کے حرم کے تحفظ کے سلسلے میں اپنی جان اور اپنا سر فدا کردیا۔
خطیب جمعہ نے کہا کہ سپاہ اسلام نےوہابی صہیونی داعش دہشت گردوں سے سخت انتقام لینے کی بات کہی ہے اور یقینی طور پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی وہابی صہیونی داعش دہشت گردوں سے سخت انتقام لیں گے۔
خطیب جمعہ نے کہا کہ وہابی صہیونی داعش دہشت گردوں کا قلع و قمع کرنا واجب شرعی ہے بالخصوص اس شمر ملعون کو کیفر کردار تک پہنچانا بہت ضروری ہے جس نے خننجر کے ذریعہ شہید محسن حججی کا بے رحمی کے ساتھ سر قلم کیا۔
خطیب جمعہ نے کہا کہ داعش اللہ اکبر کا نعرہ لگا کر لا الہ الا اللہ کہنے والے مسلمانوں کا سرکاٹتے ہیں ان پر اللہ تعالی اور اس کے رسول (ص) اور مؤمنین کی لعنت ہو یہ وہابی صہیونی دہشت گرد گروہ کسی بھی صورت میں مسلمان نہیں ہے۔