تمام مسلم ممالک امریکہ کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں: عراقی مفتی
1673
M.U.H
17/08/2018
عراق کے اہل سنت مفتی اعظم نے دنیا کے تمام مسلمانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکی اقتصادی دباؤ کے خلاف اسلامی جمہوریہ ایران اور ترکی کے ساتھ کھڑے ہوں۔
''شیخ عامر البیاتی'' نے یورو نیوز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ تمام مسلمانوں پر فرض ہے کہ وہ امریکہ کی معاشی پابندیوں کے خلاف ایران اور ترکی کا ساتھ دیں۔
انہوں نے کہا کہ کتاب اور سنت میں 56 ایسی شرعی وجوہات ہیں جن کی بنا پر مسلمانوں کے خلاف کافروں کی معاونت کرنے کو منع کیا گیا ہے لہذا ہماری نظر میں امریکہ کافر کے زمرے میں آتا ہے اور مسلم ممالک کے خلاف اس کا ساتھ نہیں دینا چاہئے۔
اعلی عراقی مفتی نے مزید کہا کہ ایران اور ترکی دونوں اسلامی ملک ہیں جن کے عوام دن میں پانچ مرتبہ شہادتیں پڑھتے ہیں اور نماز قائم کرتے ہیں لہذا ان سےمتعلق امریکی معاشی پابندیوں کو نظرانداز نہیں کرنا چاہئے۔
شیخ عامر کا کہنا تھا کہ امریکہ، ایران اور ترکی پر دباؤ ڈال کر مسئلہ فلسطین کو متاثر کرنا چاہتا ہے مگر بعض ممالک کے حکمرانوں کی علاقائی ممالک کے خلاف امریکہ کی جارحانہ پالیسی پر خاموشی افسوسناک ہے۔