امریکہ کی پابندیاں لگانے کی روایت پرانی ہو چکی ہے : علی شمخانی
1649
M.U.H
30/05/2018
اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی سلامتی کمیٹی کے سیکرٹری نے الجزیرہ نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن ایران کے خلاف فوجی کاروائی کرنیکی جرائت نہیں کرسکتا۔ اس قسم کی کسی بھی جنگی مہم جوئی کا فوری اور سخت جواب دیا جائے گا۔
الجزیرہ نیوز چینل نے ایران کی قومی سلامتی کمیٹی کے سیکرٹری سابقہ نیوی فورس کے کمانڈر ایڈمرل علی شمخانی سے خصوصی انٹرویو کیا ہے۔ علی شمخانی نے کہا ہے کہ خلیج فارس میں کسی بھی قسم کی امریکی مہم جوئی کا جواب فوری اور براہ راست دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ ایران پر فوجی حملہ کرنے کی جرائت نہیں کر سکتا۔ امریکہ کی پابندیاں لگانے کی روایت پرانی ہو چکی ہے اور اب اسکا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ علی شمخانی نے ایران کے میزائل سسٹم کے بارے میں کہا کہ ہم اپنے میزائل نظام کے بارے میں کبھی بھی مذاکرات نہیں کریں گے، یہ موضوع مذاکرات کے قابل نہیں ہے، ہم اپنے دفاعی نظام کے پھیلاو کو جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حماس، جہاد اسلامی، حزب اللہ اور پورے مقاومتی بلاک کی حمایت جاری رہے گی، سعودی عرب کے ساتھ منطقی بنیادوں پر تعمیری، عاقلانہ اور غیر مشروط مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔
ایڈمرل علی شمخانی نے یمن کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یمن نے یورپ کی جانب سے رمضان المبارک کے مہینے میں سیز فائز کی پیشکش کو قبول کر لیا تھا لیکن سعودی عرب نے اس پیشکش کو ٹھکرا دیا۔
ایرانی سلامتی کمیٹی کے سیکرٹری کا کہنا تھا کہ ہم شام سے واپس نہیں آئیں گے، شام میں ہماری موجودگی شامی حکومت کی درخواست پر ہے۔ صیہونی حکومت شام کے خلاف کسی بھی قسم کی محاذ آرائی کرنے پر واضح پیغام دریافت کر چکی ہے، وہ اس بات کو جانتے ہیں کہ اس قسم کی کسی بھی کارروائی کا انتہائی سخت جواب دیا جائے گا۔