جنگ کی آگ بھڑکانے والے خود ہی اس آگ میں جھلس جائیں گے: انصاراللہ
3275
m.u.h
23/05/2019
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے سعودی عرب کے نجران ہوائی اڈے پر دو ڈرون حملوں کے بارے مین کہا ہے کہ یہ حملے یمن اور یمنی قوم کے دفاع میں کئے جانے والے جائز اقدام کی حیثیت رکھتے ہیں۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ڈرون یونٹ نے بدھ کی صبح سعودی عرب کے نجران ایرپورٹ کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا۔ سعودی اتحاد، اس ہوائی اڈے کو یمن کے بے گناہ عوام کے خلاف فوجی جارحانہ حملوں کے لئے استعمال کرتا رہا ہے۔
المسیرہ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے نجران ایرپورٹ پر سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں کے ٹھکانے پر یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی یہ ڈرون کارروائی کامیاب رہی ہے۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے منگل کے روز بھی ماہ مبارک رمضان میں سعودی اتحاد کی جانب سے جاری وحشیانہ جارحیت کے جواب میں جنوبی سعودی عرب میں نجران ہوائی اڈے کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا تھا۔
یہ حملہ یمن پر سعودی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں اس ملک کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کی جانب سے سعودی عرب اور متحدہ عراب امارات کے تین سو اہداف کو ممکنہ طور پر نشانہ بنانے کے لئے فوجی کارروائی کے طور پر سعودی عرب کی آرامکو آئل تنصیبات پر ڈرون حملے کے بعد کیا گیا ہے۔
منگل کے روز یمن کے خلاف جاری وحشیانہ جارحیت کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے سات ڈرون طیارے سعودی عرب کی فضا میں داخل ہوئے اور مغربی سعودی عرب میں ان ڈرون طیاروں نے عفیفہ اور الدوادمی صوبوں میں دو آئل پمپنگ اسٹیشنوں کو نشانہ بنایا۔
دریں اثنا یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ جارح سعودی اتحاد کو جارحیت بند اور یمن کا محاصرہ ختم کئے بغیر نجات نہیں مل سکتی، کہا ہے کہ جو جنگ کی آگ بھڑکاتا ہے وہ خود ہی اس آگ میں جھلس کر ختم ہو جاتا ہے۔
انصاراللہ کے اس ترجمان نے اسی طرح سعودی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی کے اس دعوے کو مسترد کر دیا کہ سعودی عرب کے نجران ہوائی اڈے کو نشانہ بنا کر اس علاقے کے غیر فوجیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ سعودی اتحاد کے ترجمان نے سعودی اتحاد کے فوجی ہتھیاروں کے گودام پر کئے جانے والے یمنی فوج کے حملے کو عام شہریوں پر حملے سے تعبیر کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ یمنی فوج کی کارروائیاں علاقائی و عالمی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہیں۔
اسی اثنا میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے توپ خانے نے جنوبی سعودی عرب میں جیزان میں واقع جبل القیس میں سعودی فوجی ٹھکانوں پر گولہ باری کی۔
یمن کے فوجی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ اس کارروائی میں دسیوں سعودی فوجی ہلاک ہو گئے جبکہ انھیں بھاری مالی نقصان بھی پہنچا۔
یمنی فوج نے اسی طرح جیزان مین واقع جبل النار کے شمال مغربی علاقے میں سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا اور جارح آلہ کار فوجیوں کی دو گاڑیوں کو تباہ کر دیا۔