پیغمبر اعظم صل اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بشریت کے سارے مسائل کا حل پیش کیا ہے: آیت اللہ خامنہ ای
2343
m.u.h
03/10/2023
تہران: رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ پیغمبر اعظم صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت اور تعلیمات میں بشریت کے سارے مسائل کا حل موجود ہے ۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق منگل کی صبح میلاد رسول اسلام صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے، ملک کےحکام، اسلامی ملکوں کے سفیروں اور بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس کے مندوبین نے تہران میں رہبر انقلاب اسلامی ایت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی ۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اس موقع پر اپنے خطاب میں فرمایا کہ پیغمبر اعظم صل اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بشریت کے سارے مسائل کا حل پیش کیا ہے ۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ پوری بشریت عالم ہستی کے اس خورشید تاباں کی مرہون منت ہے۔
آپ نے فرمایا کہ ایک ایک فرد بشر ، چاہے وہ آپ کے لائے ہوئے دین پر ایمان رکھتا ہو، یہ نہ رکھتا ہو، سبھی پر پیغمبر اسلام صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کا احسان ہے اور پوری بشریت آنحضرت کی مرہون منت ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ قرآن کریم کی بے حرمتی کا منصوبہ تیارکرنے والے اپنے ان مجرمانہ اقدامات سے قران کریم کو کمزور نہیں کرسکتے بلکہ اس طرح وہ خود اپنی تباہی و بربادی کا سامان کررہے ہیں۔