ایران کا فلسطین اور یمن میں بچوں کے قتل عام کو روکنے کا مطالبہ
3234
M.U.H
10/07/2018
اسلامی جمہوریہ ایران نے سربراہ اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ناجائز صہیونی ریاست اور سعودی عرب کو فلسطین اور یمن میں نہتے بچوں کے قتل عام پر بچوں کو مارنے والے عالمی فہرست میں شامل کریں۔
یہ بات اقوام متحدہ میں تعینات ایران کے مستقل مندوب 'غلام علی خوشرو' نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کا عنوان مستقبل میں تشدد کی روک تھام کیلئے بچوں کی حفاظت تھا۔
انہوں نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطین اور یمن میں بچوں کے قتل عام کو روکنے کےلئے کردار ادا کریں۔
ایرانی مندوب نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین میں صہیونیوں کی جانب سے معصوم بچوں کے قتل عام کا سلسلہ جاری ہے مگر بدقمستی سے سربراہ اقوام متحدہ نے اب بھی ناجائز صہیونی ریاست کو بچوں کے حقوق کی خلاف ورزی کرنے والوں کی فہرست میں نہیں ڈلا۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں حالیہ فلسطینی مظاہروں میں صہیونی فورسز نے ظلم کی انتہا کردی جبکہ ان پُرامن مظاہروں میں بچوں کی بھی شہادتیں ہوئیں۔
غلام علی خوشرو نے کہا کہ قابض صہیونی ریاست دنیا میں بچوں کے قتل عام کے حوالے سے پہلے نمبر پر ہے لہذا سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو چاہئے کہ آٗئندہ سال کی رپورٹ میں ان ظالم حکمران اور فورسز کو اپنی رپورٹ میں قرار دیں۔
انہوں نے یمن میں سعودی اور امارات جارحیت کی وجہ سے بچوں کے قتل عام پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی اور یمنی بچوں کی صورتحال ایک جیسی ہے لہذا اقوام متحدہ اور پوری عالمی برادری کو چاہئے کہ ان مسائل کی روک تھام کے لئے اپنی ذمے داری ادا کریں۔