اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں نماز جمعہ آیت اللہ امامی کاشانی کی امامت میں منعقد ہوئی ، جس میں لاکھوں مؤمنین نے شرکت کی۔ نماز جمعہ کے خطیب نے خطے میں مسلمانوں کے خلاف اور امریکہ و اسرائيل کی حمایت میں سعودی عرب کے معاندانہ اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ لبنانی عوام نے باہمی اتحاد سے سعودی عرب کی سازش کو ناکام بنادیا ہے۔
خطیب جمعہ نے لبنان کے وزیراعظم سعد حریری کے سعودی عرب میں استعفی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں سعد حریری کے استعفی سے پتہ چل گیا کہ دشمن نے اسلامی ممالک کے بارے میں کیسے کیسے شوم منصوبے بنا رکھے ہیں۔ دشمن لبنان اور خطے کے امن و اماں کو تباہ و برباد کرنے کے لئے اپنی ریشہ دوانیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
آیت اللہ امام کاشانی نے حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصر اللہ کے بیان کو ہوشیاری اور صداقت پر مبنی قراردیتے ہوئے کہا کہ ہم حزب اللہ لبنان کے سربراہ کے بیان پر شکریہ ادا کرتے ہیں جنھوں نے سعد حریری کے استعفی کو غیر آئین اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعد حریری نے استعفی دیا نہیں بلکہ سعودیوں نے اسے استعفی دینے پر مجبور کیا ہے۔ خطیب جمعہ نے خطے کے حساس شرائط کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو باہمی اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ دشمنوں کے منصوبوں کو ناکام بنانا چاہیے۔ خطیب جمعہ نے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں عوامی امداد پر ایرانی قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی حکام کو زلزلہ سے متاثرہ علاقوں پر کافی توجہ مبذول کرنی چاہیے۔