اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا ہے کہ ڈائیلاگ، ہم آہنگی، سیاسی عمل میں شمولیت، گڈ گورننس اور انسانی حقوق کا احترام کر کے نوجوانوں کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوئیٹریس نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسند گروہوں کا ہدف نوجوان ہوتےہیں کیونکہ وہ تبدیلی کے خواہشمند ہوتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیوگوئیٹریس نے کہا کہ بچوں اور نوجوانوں کو ذمہ دار شہری بنانے کے لیےاقدامات کیے جانے چاہئیں اور خاص طور پر ڈائیلاگ، ہم آہنگی، سیاسی عمل میں شمولیت، گڈ گورننس اور انسانی حقوق کے احترام کو یقینی بنایا جائے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اس موقع پردہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے جرأت سے مقابلہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نفرت کا پرچار کر کے نوجوانوں کو عدم برداشت اور تشدد کی جانب مائل کیا جاتا ہے اور غیرملکی مداخلت، قبضہ، سیاسی و اقتصادی ناانصافی، امتیازی سلوک جیسے عمل بھی انتہاپسندی پروان چڑھاتے ہیں۔