صہیونیوں کے جرائم سے فلسطینی قوم مزید متحد ہوگی: ایرانی صدر
982
M.U.H
17/05/2018
صدر اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ غاصب صہیونیوں کے سنگین جرائم سے فلسطینی عوام کے درمیان اتحاد ماضی سے زیادہ مضبوط ہوگا۔
یہ بات ڈاکٹر 'حسن روحانی' نے اپنے ترک ہم منصب 'رجب طیب اردوان' کے ساتھ ایک ٹیلی فونک رابطے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ترک صدر نے اس موقع پر ڈاکٹر روحانی کو استنبول میں ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے غیرمعمولی اجلاس میں شرکت کرنے کی دعوت دی جس کا صدر اسلامی جمہوریہ ایران نے خیرمقدم کیا۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ ہمیں کوشش کرنی ہوگی کہ ایک آواز بن کر مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہوئے امریکہ اور صہیونیوں کی سازشوں کا بے نقاب کریں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ نے غیرقانونی اقدام کے تحت اپنا سفارتخانہ بیت المقدس منتقل کرکے نہ صرف فلسطینی قوم کو مشتعل کردیا بلکہ مسلمانوں کی دل آزاری بھی کی۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ امریکہ اور قابض صہیونی حکمرانوں کو فلسطینیوں کے قتل عام پر جواب دینا ہوگا. بدقسمتی سے امریکی صدر سمجھتے ہیں کہ وہ صہیونیوں کی حمایت کرکے فلسطینی قوم کی مزاحمت کو دبا سکتے ہیں۔
اس موقع پر ترک صدر نے مقبوضہ فلسطین میں صہیونیوں کی حالیہ سنگین کاروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسلامی سربراہوں کے غیرمعمولی اجلاس میں ایران کی شرکت کو اہم قرار دے دیا۔
رجب طیب اردوان نے مزید کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے حق میں اپنا فرض ادا کریں۔