شام پر امریکی حملہ دہشتگردوں کی کھلی حمایت ہے: حزب اللہ
2846
M.U.H
14/04/2018
لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے شام کے خلاف امریکہ، برطانیہ اور فرانس کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس جارحیت سے دہشتگرد گروہوں کی براہ راست حمایت ثابت ہوئی ہے۔
حزب اللہ نے ہفتہ کے روز اپنے ایک جاری کردہ بیان میں امریکہ اور اتحادیوں کی جارحیت کو شام کی سالمیت، قومی وقار اور جغرافیائی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
بیان کے مطابق، اس حملے سے علاقائی اقوام کی توہین کی گئی جس کا مقصد ہی شام میں صہیونیوں کے مذموم عزائم کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔
حزب اللہ نے کہا کہ شام کے خلاف حالیہ جارحیت سے ایک بار پھر یہ بات ثابت ہوئی کہ امریکہ اور اس کے اتحادی دہشتگردوں اور خون خوار عناصر کی کھلی حمایت کرتے ہیں. ان ممالک کو جب بھی شام کی طاقتور افواج سے شکست ملی تو وہ شام میں مکروہ اقدامات میں ملوث ہوتے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکہ نے برطانیہ اور فرانس کی مدد سے شام پر حملہ کر دیا. میزائل حملوں کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ نے شام کی جانب سے نام نہاد کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کو جواز بنایا۔