فلسطینی قوم کو قریب مستقبل میں فتح حاصل ہوگی: آیت اللہ خامنہ ای
2995
M.U.H
01/01/2019
قائد اسلامی انقلاب حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ فلسطینی عوام کی طاقت میں کوئی خلل نہیں آئے گا جبکہ اللہ کے فضل سے انھیں جلد مستقبل میں حتمی فتح نصیب ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے پیر کے روز تہران میں فلسطین کی اسلامی جہاد تنظیم کے سیکریٹری جنرل زیاد النخالہ اور ان کے وفد کے اراکین کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ایرانی سپریم لیڈر نے اس موقع پر فرمایا کہ مسئلہ فلسطین میں ایک پہلو واضح ہے اور وہ یہ کہ اگر مزاحمت کریں تو کامیاب ہوں گے دوسری صورت میں فاتح نہیں ہوں گے تاہم اللہ رب العزت کے فضل سے صہیونیوں کے خلاف فلسطینی عوام نے اب تک مزاحمت کی ہے اور انہوں نے کامیابی سے اس عمل کو جاری رکھا ہوا ہے۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ فلسطینی عوام کی ایک اصل کامیابی یہ تھی کہ جب عرب ملکوں کی افواج قابض صہیونیوں کو شکست نہ دے سکیں تو فلسطینی قوم اور وہاں کی مزاحمتی تنظیموں نے صہیونیوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا اور اللہ کے فضل فلسطینی عوام کو مزید کامیابیاں حاصل ہوں گی۔
حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا کہ حالیہ برسوں میں فلسطینی عوام کی مسلسل کامیابیوں کی اصلی وجہ مزاحمت ہے لہذا جب تک فلسطینی مزاحمت کا سلسلہ جاری رہے تو ناجائز صہیونی ریاست مزید زوال کی طرف جائے گی۔
قائد اسلامی انقلاب نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف سامراج قوتوں کے دباؤ کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ فلسطین کی حمایت ہمارا دینی، اخلاقی اور عقلانی فرض ہے لہذا سامراج قوتوں کا دباؤ ہمیں اس فرض کو نبھانے سے پیچھے نہیں ہٹا سکتا۔
اس موقع پر فلسطینی رہنما نے ایرانی سپریم لیڈر کو مقبوضہ فلسطین کی حالیہ صورتحال اور مزاحمتی گروہوں کی کارکردگی سے آگاہ کردیا۔
زیاد النخالہ نے کہا کہ غزہ کے عوام دباؤ کے باوجود صہیونیوں کی سنچری ڈیل کی شیطانی سازش کے خلاف اٹھ کھڑے ہیں اور عظیم واپسی مارچ جیسے احتجاج سے اپنی مزاحمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔