ایرانی مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی سے دشمن غم و غصے کا شکار ہے: آیت اللہ خامنہ ای
3313
m.u.h
18/04/2019
قائد اسلامی انقلاب نے امریکہ کے مکروہ عزائم کے مقابلے میں ایرانی آرمی اور پاسداران انقلاب فورس کی یکجہتی اور یگانیت کی تعریف کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ ایرانی افواج کے درمیان ہم آہنگی سے دشمن غم و غصے کا شکار ہے.
ان خیالات کا اظہار سپریم لیڈر حضرت آیت اللہ العظمی «سید علی خامنہ ای» نے بدھ کے روز آرمی کے قومی دن کے سلسلے میں ایرانی فوج کے اعلی کمانڈرز اور افسروں کے ساتھ ایک ملاقات میں خطاب کرتے ہوئے کیا.
اس موقع پر انہوں نے پاسداران فورس کو نام نہاد دہشتگرد فہرست میں شامل کرنے سے متعلق حالیہ امریکہ اقدام کو مکروہ قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ اس مکروہ فیصلے کے جواب میں ایرانی آرمی اور پاسداران نے خوبصورت انداز میں اخوت اور بھائی چارے کا مظاہرہ کیا.
انہوں نے وطن عزیز کی مسلح افواج کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کی مضبوطی پر زور دیتے ہوئے مزید فرمایا کہ ایسی حکمت عملی سے ایران کے دشمن غصے کا شکار ہوں گے.
آیت اللہ خامنہ ای نے ایران میں حالیہ سیلاب کے بعد متاثرین کو امداد کی فراہمی میں آرمی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ آج ایرانی آرمی ماضی سے زیادہ موثر اور باعمل ہے.
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسا کوئی بھی اقدام جس سے ایران کے دشمنوں مایوس ہوں وہ نہایت اچھا ہے تاہم ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کرنا ہوگا جس سے دشمنوں کو امید ملے.
آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے مسلح افواج کو قومی طاقت کی بنیاد اور مظہر قرار دیتے ہوئے فرمایا ہے کہ بعض ممالک بالخصوص ان ملکوں میں جو انسانی حقوق کے نام نہاد علمبردار ہیں، وہاں کی فوج آمریت کی علامت ہے جس کی مثال آج ہم پیرس میں دیکھ رہے ہیں.
انہوں نے مزید فرمایا کہ ایرانی مسلح افواج قوم کے لئے امن و سلامتی کا مرکز ہے، ملکی افواج نے آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ میں مثالی قربانیاں دیں، دشمنوں کو پس پا کردیا اور امن کے موقع پر بھی قوم کو اعتماد میں لیا، انہیں مثبت اقدامات کو دیکھ کر دشمن، عوام کے درمیان افراتفری پھیلانا اور مسلح افواج کو پریشان ظاہر کرنا چاہتا ہے.
قائد اسلامی انقلاب نے خطے میں دشمنوں کی سازشوں کے خلاف ایرانی آرمی اور پاسداران فورس کے کلیدی کردار کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ اگر داعش کے خلاف آرمی اور پاسداران نہ لڑی ہوتیں تو آج خطے اور ہمارے ہمسایوں کی کیا کیفیت ہوتی اور کن عناصر کی یہاں حکمرانی ہوتی.
انہوں نے مزید فرمایا کہ امریکی حکمرانوں کی بے بنیاد باتوں کا واحد مقصد ایرانی قوم کا حوصلہ پست کرنا ہے جبکہ امریکہ خود کھربوں ڈالر کا مقروض اور سنگین مشکلات سے دوچار ہے.
قائد انقلاب نے فرمایا کہ امریکہ میں حالیہ برسوں میں ہونے والے سیلاب اور طوفان کے مسائل اب بھی ان کے سر پر ہیں اور اس کے باوجود وہ اپنی من گھڑت باتوں سے ایرانی قوم کو مایوس کرنا چاہتے ہیں.
اس ملاقات میں ایران آرمی کی بری فورس کے کمانڈر نے پاسداران انقلاب کے خلاف امریکی فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دشمنوں کے مقابلے میں آرمی اور پاسداران ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی.