آيۃ اللہ سیستانی کی اہانت، امریکا اور اسرائيل کی خدمت ہے: حزب اللہ لبنان
3403
M.U.H
05/07/2020
حزب اللہ لبنان نے ایک بیان جاری کر کے سعودی عرب کے ایک اخبار کی جانب سے عراق میں اعلی دینی قیادت کی اہانت کی سخت مذمت کی ہے۔
حزب اللہ لبنان نے سنیچر کے روز ایک بیان جاری کر کے سعودی عرب کے اخبار الشرق الاوسط میں شائع ہونے والے آیۃ اللہ العظمی سیستانی کے ایک اہانت آمیز کارٹون کی سخت مذمت کرتے ہوئے عراق میں اعلی دینی قیادت کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ حزب اللہ نے اپنے اس بیان میں عراق کی دینی قیادت کو ملک کی سلامتی، قومی اتحاد اور سیاسی استحکام کے تحفظ کا عامل بتایا اور زور دے کر کہا ہے آیۃ اللہ العظمی سیستانی کے فتووں نے عراق کو دہشت گرد گروہ داعش کے چنگل سے آزاد کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔
اس بیان میں کہا گيا ہے کہ عراق کی اعلی دینی قیادت کی اہانت کرنے والا یہ سعودی اخبار اور اس کے اس اقدام کے حامی امت مسلمہ کے دشمنوں بالخصوص امریکا اور صیہونی حکومت کی خدمت کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ سعودی عرب کے اخبار الشرق الاوسط نے جمعے کے روز آيۃ اللہ العظمی سیستانی کا ایک اہانت آمیز کارٹون شائع کیا تھا جس پر عراق کے مختلف سیاسی و سماجی گروہ سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں اور مسلسل اس اقدام کی مذمت کر رہے ہیں۔