قم، 8 دسمبر: اعلی ایرانی دینی رہنما آیت اللہ 'نوری ہمدانی' نے بیت المقدس کے حوالے سے ٹرمپ کے حالیہ فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے تمام مسلمانوں اور دنیا کے حریت پسند افراد پر زور دیا ہے کہ وہ القدس کے خلاف امریکی سازشوں پر خاموش نہ بیٹھیں.
مسلمان اور دنیا کے حریت پسند القدس کیخلاف امریکی سازشوں پر خاموش نہ بیٹھیں: آیت اللہ ہمدانی
آیت اللہ 'حسین نوری ہمدانی' نے جمعہ کے روز اپنے ایک جاری کردہ بیان میں مزید کہا کہ امریکی سازشوں کے خاتمے کے لئے دنیا کے حریت پسند اور تمام مسلمانوں وحدت اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں.
انہوں نے امریکی صدر کی جانب سے بیت المقدس کو ناجائز صہیونی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کرنے کی شدید مذمت بھی کی.
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی فیصلہ عالم اسلام کے خلاف نئی سازش کا آغاز ہے لہذا عالم اسلام اس شیطانی سازش پر ہوشیار رہے.
آیت اللہ نوری ہمدانی نے کہا کہ مجرم امریکہ اور اس کے حواری جان لیں کہ القدس اسلام کے دل کی دھڑکن ہے اور ہم قابض اور بچوں کو مارنے والے صہیونی حکمرانوں کو وہاں قدم رکھنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے.
انہوں نے اسلامی حکمرانوں اور عالمی اداروں پر زور دیا ہے کہ القدس کے تحفظ اور مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق کے دفاع کے لئے اپنے کردار ادا کریں اور صہیونیوں کو القدس پر قبضہ کرنے سے روکیں.
ایرانی دینی رہنما نے کہا کہ صہیونیوں جان لو، تم کے خاتمے کا دن قریب ہے اور تم لوگ جلد صفحہ ہستی سے مٹ جائیں گے.
خیال رہے کہ عالمی مخالفت کے باوجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے امریکی سفارت خانے کو تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کرنے کی ہدایات جاری کردیں.