بعض ممالک امریکہ پر بھروسہ کرکے دہشتگردی کو مضبوط کررہے ہیں: ایڈمیرل شمخانی
2829
M.U.H
26/06/2018
اعلی ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ بعض ممالک جن کا خیال ہے کہ امریکہ پر بھروسہ کرکے وہ اپنی اندرونی سلامتی کو مضبوط کرسکتے ہیں در حقیقت اس سے دہشتگردی کو مزید تقویت ملے گی۔
یہ بات ایڈمیرل ''علی شمخانی'' نے پیر کے روز تہران کے دورے پر آئے عراق کے مشیر قومی سلامتی ''فالح فیاض'' کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر انہوں نے ایرانی قوم اور حکومت کو کامیاب انتخابات کے انعقاد اور ملک میں امن و سلامتی کی صورتحال کو مضبوط کرنے پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعض ممالک کی عدم رضامندی کے باوجود ایرانی مسلح افواج، قوم بالخصوص رضاکار فورس (الحشد الشعبی) کی مثالی قربانیوں کے ذریعے خطے میں سب سے بڑے خطرے کا خاتمہ کردیا گیا۔
اعلی ایرانی عہدیدار نے بتایا کہ آج خطے کے بڑے بحرانوں کے پیچھے امریکہ، ناجائز صہیونی ریاست اور بعض علاقائی ممالک ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے بعض ممالک خود کو عالم اسلام کا لیڈر سمجھتے ہیں جبکہ وہ امریکہ کے لئے دودھ دینے والی گائے کی طرح ہیں اور دوسری جانب وہ قابض صہیونیوں کے اہم پارٹنر بنے ہوئے ہیں۔
علی شمخانی نے کہا کہ آج وائٹ ہاؤس والے نہ صرف شام اور عراق میں سیکورٹی فورسز پر سفاکانہ حملوں سے باز نہیں آتے بلکہ انتہائی شرم کے ساتھ اپنے اس کئے پر مصر ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہر صورتحال میں عراقی قوم اور حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔