کرمان - سپاہ پاسداران اسلامی انقلاب کے نائب کمانڈر نے کہا ہے کہ آج امریکہ ایرانی قوم کے سامنے بے بس ہوچکا ہے۔ ایک مقامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیر جنرل 'حسین سلامی' نے مزید کہا کہ ایران خطی طاقت سے اب ایک عالمی طاقت بن رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن خطے کے مسائل کو کنٹرول کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں مگر طاقت کا توازن اسلامی جمہوریہ کے حق میں ہے۔ حسین سلامی نے کہا کہ دشمنوں نے ایرانی معاشرے کو اقتصادی پابندیوں اور سیاسی عزائم سے نقصان پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی مگر اسلامی انقلاب نے دشمنوں کے سارے عزائم ناکام بنادیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم آج دیکھ رہے ہیں کہ دشمن صلاحیت رکھنے کے باوجود ایران کے خلاف کسی بھی کاروائی کی جرات نہیں کرسکتا۔ سنیئر ایرانی کمانڈر نے کہا کہ امریکہ نے اب تک دنیا میں مختلف ممالک پر قبضہ کیا اور متعدد حکومتوں کو گرانے میں ملوث رہا مگر وہ آج ایرانی قوم کے سامنے بے بس ہوچکا ہے اور اس نے ہمارے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی انقلاب اور آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ کے عظیم شہدا کی بدولت آج دشمن ہماری تاریخ اور جغرافیائی حدود پر اثر و رسوخ ڈالنے کی جرات نہیں رکھتا۔ جنرل سلامی نے کہا کہ دشمن ہمارے سامنے بے بس ہوچکا ہے لہذا وہ پابندیوں کا شیوہ اختیار کرکے ہمیں دباؤ میں رکھنا چاہتا ہے جبکہ ایسے طریقے ناکام ہوچکے ہیں اور دشمن کا ایرانی قوم کو جھکانے کا خواب، خواب ہی رہ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ سالہ جنگ کے بعد ایرانی قوم طاقتور بن گئی ہے اور ہم دشمنوں کو اثر و رسوخ ڈالنے کے لئے ہرگز راستہ نہیں دیں گے۔