تہران - ایران نے کہا ہے کہ شام کے بعض علاقوں میں جنگ بندی کے حوالے سے امریکہ کے روس کے ساتھ طے پانے والا معاہدہ ابھام کا شکار ہے۔
ترجمان دفترخارجہ 'بہرام قاسمی نے پیر کے روز تہران میں میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شام میں حکومتی فورسز پر فضائی حملے بند کرے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر وہ لوگ شام میں پائیدار اور کامیاب جنگ بندی چاہتے ہیں تو سب سے پہلے شامی فورسز پر امریکی حملے بند ہونے چاہئیں۔
قاسمی نے کہا کہ شام کے حوالے سے روسی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور اس کے علاوہ آستانہ عمل سے منسلک شام امن مذاکرات کے حوالے سے بھی روس اور ترکی دونوں کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر روس اور امریکہ کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر شفاف عمل درآمد ہوجائے اور آستانہ مذاکرات کے مطابق شام کے ان مخصوص علاقوں میں جنگ بندی کو یقینی بنایا جائے تو یقینا یہ فیصلہ مددگا ہوگا مگر شام میں امریکہ کے حالیہ اقدامات کو دیکھتے ہوئے اس جنگ بندی کے معاہدے پر شکوک آگئے ہیں۔قاسمی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، شام کی جغرافیائی سالمیت کا احترام، پائیدار جنگ بندی اور ملک میں مکمل امن کے قیام کا خواہاں ہے اور مسئلے کو کسی مخصوص جگہ یا علاقوں تک محدود نہیں کیا جاسکتا۔