بیرجند شہر کے اہلسنت امام جمعہ نے اتحاد اور وحدت مسلمین کو واجب امر اور معاشرے کی کامیابی کی کلید بتاتے ہوئے کہا کہ آج مسلم ممالک پر کفار کے حاوی ہونے کا سبب مسلمانوں کا آپسی اختلاف اور پراکندگی ہے۔
بیرجند میں خبر رساں ادارے تسنیم کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے مولوی غلام حیدر فاروقی نے اسلامی معاشرے کے اتحاد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد آج کا ہی مسئلہ نہیں بلکہ قرآن مجید میں اس کا ذکر ہوا ہے۔ جس طرح خداوند متعال نے قرآن مجید میں زکوۃ کی ادائیگی کو فرض قرار دیا ہے اسی طرح اتحاد و وحدت بھی واجب ہے اور ضروری ہے کہ مسلمانوں میں باہمی اتحاد قائم ہو۔
بیر جند کے اہل سنت امام جمعہ نے کہا کہ وحدت مسلمین کا سب سے بہترین ذریعہ قرآن سے متمسک رہنا ہے۔ اوائل اسلام سے ہی دشمنان دین کا ایک اہم ہدف یہ رہا ہے کہ مسلمانوں کو قرآن مجید سے دور کر دیا جائے تاکہ وہ اپنے مذموم ارادوں میں کامیاب ہو سکیں۔
فاروقی نے واضح کیا کہ مسلمانوں کو آگاہ رہنا چاہئے، دشمنوں سے مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہوجائیں تاکہ اسلام دشمنوں کے شر سے محفوظ رہا جا سکے۔
انہوں نے عدل و انصاف کو اتحاد قائم کرنے کا اہم وسیلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتحاد کا دوسرا اہم راستہ محبت ہے۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا کہ کسی مسلمان کا ایمان مکمل نہیں ہے جب تک وہ دوسروں کے لئے وہی شئے پسند نہ کرے جو وہ اپنے لئے پسند کرتا ہے۔
بیر جند کے اہل سنت امام جمعہ نے مزید کہا کہ ایک مسلمان کے لئے سب سے کم محبت یہ ہے کہ وہ ایک دوسرے کے لئے اپنے دل میں کینہ نہ رکھیں اگر ہم قرآن مجید کی تعلیمات کو مد نظر رکھیں اور ایک دوسرے سے محبت کرنے لگیں تو اتحاد قائم ہو جائے گا۔
فاروقی نے وضاحت کی کہ آج مسلم ممالک پر کفار اس لئے مسلط ہیں کہ امت مسلمہ تفرقہ اور اختلاف کا شکار ہے اور اس اختلاف اور پراکندگی کے پس پردہ کفار کی سازشیں پنہاں ہیں۔ اگر امت مسلمہ متحد ہو جائے تو امریکہ اور دیگر طاقتوں کی کوئی حیثیت نہیں رہ جائے گی۔ مسلمانوں کے اتحاد کے سامنے کوئی اسلحہ کارآمد ہوگا نہ کوئی مزاحمت۔
بیرجند کے امام جمعہ نے فرمایا کہ ہر معاشرے کی کامیابی کا راز باہمی اتحاد ہے اگر اتحاد نہ ہو تو ہمارے ممالک پر کفار غالب آجائیں گے اور مسلمانوں پر حکومت کریں گے۔