اقوام متحدہ میں تعینات نائب ایرانی سفیر نے کہا ہے کہ مشرق وسطی میں موجودہ جنگ نہ صرف پائیدار ترقی کے حصول کے لئے رکاوٹ ہے بلکہ جنگوں کا سلسلہ جاری رہنے سے پورے خطے میں غربت کی شرح میں اضافہ ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار 'اسحاق آل حبیب' نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی پائیدار ترقی کی دوسری کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ ترقی پذیر ممالک کو پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول اور ان ممالک کی صلاحیت میں اضافے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کے پروگراموں میں کسی بھی طرح کی اصلاحات کا مقصد ترقی پذیر ممالک کی ضروریات اور ان کو درپیش چینجلز کے خاتمے کی بنیاد پر ہونا چاہئے۔
ایرانی سفیر نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پائیدار ترقی کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور اس مقصد کے لئے ملک میں غربت کے خاتمے، خوراک سیکورٹی، تعلیم، صحت اور ماحولیاتی شعبوں میں قابل قدر اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے پائیدار ترقی کے حصول کے لئے ملکی اور علاقائی سطح پر موجودہ مشکلات کے خاتمے کے لئے سنجیدہ کام کیا ہے۔
اسحاق آل حبیب نے کہا کہ مشرق وسطی کے خطے کو زمینی کٹاؤ، ریگستان، ماحولیاتی آلودگی، دھول مٹی اور پانی کی کمی جیسے مسائل کا سامنہ ہے جبکہ علاقائی مشکلات کا خاتمہ اقوام متحدہ کی ترجیح ہونی چاہئے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسی مشکلات پر قابو پانا علاقائی تعاون کے ذریعے سے ممکن ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کسی بھی علاقائی تعاون کا خیرمقدم کرتا ہے۔