اسلامی تعاون تنظیم ناجائز صہیونی ریاست پر دباؤ بڑھائے: غلام علی خوشرو
1097
M.U.H
17/05/2018
اسلامی جمہوریہ ایران نے اسلامی تعاون تنظیم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کو درپیش صہیونی مظالم کی روک تھام کے لئے قابض صہیونی ریاست پر دباؤ بڑھائے۔
یہ بات اقوام متحدہ میں تعینات ایران کے مستقل مندوب 'غلام علی خوشرو' نے گزشتہ روز اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سفیروں کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اس اجلاس کا مقصد مقبوضہ فلسطین بالخصوص غزہ میں حالیہ صہیونی جارحیت اور غیرانسانی کاروائیوں کا جائزہ لینا تھا۔
ایرانی مندوب نے اسلامی تعاون تنظیم سے مطالبہ کیا کہ وہ امت مسلمہ کی حقیقی آواز بن کر صہیونیوں کے مظالم کو بے نقاب کرے اور اس مقصد کے لئے ناجائز صہیونی ریاست پر دباؤ بڑھائے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ مظلوم فلسطینی قوم کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کے علاوہ صہیونیوں کی جانب سے گزشتہ سات دہائیوں سے ناجائز قبضہ ختم کرانے پر اقدامات اٹھائیں۔
غلام علی خوشرو نے کہا کہ رواں سال کے 30 مارچ سے لے کر اب تک 111 فلسطینی شہید اور 10 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے جبکہ صرف 14 مئی کے دن صہیونیوں کے ہاتھوں 60 فلسطینی شہید اور 2500 افراد زخمی ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بعض ممالک نے ناجائز صہیونی ریاست کے ساتھ خفیہ تعلقات قائم کئے ہیں جو فلسطینی قوم کے ساتھ کھلی غداری ہے اور ایسے اقدامات سے عالم اسلام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ کی طرح صہیونیوں کے خلاف فلسطینی قوم کے ساتھ کھڑا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ فلسطین کی نئی انتفاضہ صہیونیوں کی شکست اور فلسطینی قوم کے حقوق کے حصول کے لئے کامیاب رہے گی۔