ایرانی وزیر خارجہ نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ جس طرح داعش کے خلاف جنگ میں عراقی قوم اور حکومت کے ساتھ کھڑے تھے ویسے ہی عراق کی تعمیرنو کے لئے بھی اس ملک کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے.
ان خیالات کا اظہار 'محمد جواد ظریف' نے عراق کے وزیراعظم 'حیدر العبادی' کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا.
یہ ملاقات گزشتہ روز عراق کی تعمیرنو کے حوالے سے کویت میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر ہوئی.
ظریف نے اس موقع پر کہا کہ اسلامی جہوریہ ایران، عراق کی تعمیرنو میں بھرپور حصہ لے گا اور ہم اس حوالے سے عراقی حکومت کے ساتھ کسی بھی تعاون سے دریغ نہیں کریں گے.
انہوں نے مزید کہا کہ عراق ہمارا اہم سیاسی اور اقتصادی شراکت دار ہے اور ہمیں امید ہے کہ عراق میں ایران کی تجارتی اور اقتصادی کمپنیوں کی شراکت داری کے ذریعے دونوں ممالک کے تجارتی اور اقتصادی تعاون کی سطح میں مزید اضافہ کیا جائے گا.
اس ملاقات میں عراقی وزیراعظم نے داعش کے خلاف جنگ اور عراقی سرزمین کو ناپاک دہشتگرد عناصر سے صفایا کرنے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے کردار کو اہم قرار دے دیا.
حیدر العبادی نے عراق کی تعمیرنو اور ترقیاتی منصوبوں میں ایرانی کمپنیوں کی شراکت داری پر بھی زور دیا.
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ نے عراقی تعمیرنو کی عالمی کانفرنس کے موقع پر کویتی امیر، کویتی ہم منصب اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں.