تہران - ایرانی دارالحکومت کے امام جمعہ نے کہا ہے کہ امریکہ اور ناجائز صہیونی ریاست کی لابی خطے میں ایسی سازش میں سر جوڑ کر بیٹھی ہے کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران اور پڑوسی ممالک کے درمیان تعلقات کو خراب کرے۔
ان خیالات کا اظہار آیت اللہ 'سید احمد خاتمی نے آج تہران میں نماز جمعہ کے ایک عظیم اجتماع میں نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ اچھے تعلقات میں تمام پڑوسیوں کا فائد ہے مگر صہیونی اور امریکی لابی ان تعلقات کو متاثر کرنے کی سازش کررہی ہیں۔انہوں نے ایران اور کویت کے درمیان حالیہ صورتحال کے حوالے سے کہا کہ آج کل ایران کے خلاف نئے کھیل کا آغاز کردیا گیا ہے جس میں امریکی اور صہیونی لابی واضح طور پر ملوث ہے۔ تہران کے امام جمعہ نے علاقائی ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ چاہیں یا نہ چاہیں تسلیم کریں یا نہ کریں مگر اسلامی جمہوریہ ایران اس خطے کا طاقتور ملک ہے، ایران کے ساتھ اچھے تعلقات میں آپ لوگوں کا فائدہ ہے اور آپ لوگوں کو اس دوستی کی بڑی ضرورت ہے۔