مشرق وسطیٰ کے مسائل گفتگو سے ہی حل ہو سکتے ہیں: کمال خرازی
3034
M.U.H
28/06/2018
ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے چیئرمین کمال خرازی نے کہا ہے کہ مشرق وسطی کے مسائل کو علاقے کے ملکوں کے درمیان مذاکرات سے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔
ایران کے خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے چیئرمین کمال خرازی نے تہران میں ایران و فرانس کے تعلقات سے متعلق منعقدہ ایک نشست میں کہا کہ یمن کے بحران کو علاقے کے ملکوں کے درمیان مذاکرات سے ختم کیا جا سکتا ہے اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کا کردار خاص اہمیت کا حامل ہے جبکہ بحران یمن کے حل کے لئے فائر بندی کے نفاذ اور بیرونی خاص طور سے یورپی ملکوں کی جانب سے جارح ملکوں کی فوجی حمایت فوری طور پر بند کئے جانے کی ضرورت ہے۔
کمال خرازی نے شام کے بحران کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ شام میں دہشت گردوں کی حمایت کرنے والے ملکوں کی ایک اسٹریٹیجک غلطی دہشت گردوں کی فوجی و مالی حمایت کرنا رہی جس کے نتیجے میں ان کا یہ اقدام اب خود یورپی ملکوں کی سیکورٹی کےلئے خطرے کا باعث بنا ہے۔انھوں نے کہا کہ عراق و شام کی حکومتوں کی درخواست پر اگر ان ممالک میں ایران کے فوجی مشیر موجود نہ ہوتے تو داعش دہشت گرد گروہ اس علاقے اور اس کے پڑوس میں واقع یورپ میں مکمل بدامنی پھیلانے میں کامیاب ہو جاتا۔
انھوں نے علاقے کے مسائل میں یورپی ملکوں خاص طور سے فرانس کی جانب سے پالیسیوں پر نظرثانی کی ضرورت پر زور دیا اور علاقے میں امن و استحکام کے قیام میں مدد و تعاون کے لئے ایران کی مکمل آمادگی کا اعلان کیا۔