تہران - ایرانی دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہم جوہری معاہدے کے حوالے سے امریکی خلاف ورزیوں پر خاموش نہیں رہیں گے بلکہ اس حوالے سے ایرانی پارلیمنٹ اور حکومت کے جوابی ردعمل کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ یہ بات 'بہرام قاسمی' نے جمعرات کے روز اپنے ایک بیان میں امریکی صدر کی جانب سے امریکی ایوان نمائندگان اور کانگریس کے ایران مخالف بل پر دستخط کرنے کے ردعمل میں کہی۔
انہوں نے ایران مخالف بل اور امریکہ کے حالیہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بلاجواز اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔ قاسمی نے کہا کہ ایران مخالف امریکی اقدامات کا اصل مقصد ایران کی تہذیب یافتہ قوم کو نشانہ بنانا ہے۔انہوں ںے کہا کہ ہم امریکہ کے حالیہ اقدامات پر خاموش نہیں بیٹھیں گے بلکہ اس حوالے سے ایرانی پارلیمنٹ اور حکومت نے حکمت عملی تیار کی جس کا آئندہ دنوں تک اعلان کردیا جائے گا۔
بہرام قاسمی نے مزید کہا کہ ہم امریکی اقدامات پر جوابی ردعمل دینے کو اپنا حق سمجھتے ہیں اور نہایت صبر اور ذہانت کے ساتھ ایرانی قوم کے مفادات اور قومی سلامتی کا تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یقینا اسلامی جمہوریہ ایران سامراجی، صہیونی اور وہابیت سے اٹھنے والی دہشتگردی کی سازش کا شکار نہیں ہوگا۔ قاسمی نے امریکی حکمرانوں کو تجویز دی ہے کہ وہ ایران کے خلاف مضموم عزائم اور ایران فوبیا کو ہوا دینے کے بجائے اپنی اندرونی صورتحال اور بحرانوں پر توجہ دیں اور عالمی امن و سلامتی کو متاثر کرنے سے گریز کریں۔