رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلی حکام سے خطاب میں اسلامی نظام پر ایرانی عوام کے اعتماد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: ایرانی قوم نے انتخابات میں صدر کو منتخب کرکے ایک مشترکہ کام انجام دیا اور اسلامی نظام پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی سے رمضان المبارک کی سترہویں تاریخ میں سہ پہر کے وقت اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلی حکام نےملاقات کی۔ رہبر معظم نے اس ملاقات میں صدارتی انتخاب میں ایرانی عوام کی بھر پور شرکت کو اسلامی نظام کے لئے باعث فخر اقدام قراردیتے ہوئے فرمایا: ایرانی عوام کو اسلامی نظام پرمکمل اعتماد ہے جبکہ امریکہ اسلامی نظام کا اصلی دشمن ہے ایرانی حکام کو امریکہ کی دشمنی اور عداوت کے بارے میں ہوشیاررہنا چاہیے اور امریکہ پر اعتماد نہیں کرنا چاہیے بلکہ ملکی اور قومی مفادات کے سلسلے میں ٹھوس اور مضبوط قدم اٹھانے پر اپنی توجہ مبذول کرنی چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ملک کی مدیریت کو ملک کی پیشرفت اور ترقی میں اہم قراردیتے ہوئے فرمایا: ایران کے اعلی حکام کو چاہیے کہ وہ ملک کے اندرونی وسائل پر تکیہ کرتے ہوئے عوام کی مشکلات کو حل کرنے کی تلاش و کوشش کریں اور اس سلسلے میں امریکہ کی طرف دیکھنا بند کردیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: ہمارے حکام نے بعض جگہ دشمن کے ہاتھ میں بہانہ نہ دینے کی وجہ سے دشمن پر اعتماد کیا لیکن امریکہ نے پھر بھی ایران کے خلاف اپنی عداوت اور دشمنی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور وہ ایران کے اسلامی نظام کو چوٹ پہنچانے سے کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا لہذا ہمیں دشمن پر اعتماد نہیں کرنا چاہیے ہمارے پاس انسانی اور مالی وسائل کی کوئی کمی نہیں ہمیں صرف صحیح اور درست مدیریت پر توجہ مبذول کرنی چاہیے اور ملکی مشکلات کو ملک کے اندرونی وسائل کے ذریعہ حل کرنا چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے مشترکہ ایٹمی معاہدے پر نگراں کونسل پر زوردیتے ہوئےفرمایا: مشترکہ ایٹمی معاہدے پر دقیق نظر رکھنی چاہیے اگر دشمن معاہدے کے مطابق عمل نہیں کرتا تو پھر ایران کو بھی دشمن کے مقابلے میں پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا امریکہ کو جان لینا چاہیے کہ ایران مسئلہ فلسطین سے ایک اینچ بھی پیچھے نہیں ہٹےگا اور فلسطین کی مظلوم عوام کی حمایت جاری رکھےگا ۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ایرانی قوم کو زندہ ، بانشاط ، انقلابی اور اسلامی قوم قراردیتے ہوئےفرمایا: ایرانی قوم نے ہمیشہ ظالموں کا مقابلہ اور مظلوموں کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی ایرانی قوم ظالموں کے خلاف اور مظلوموں کے ساتھ رہےگی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا امریکہ کا مشرق وسطی اور اس خطے سے کوئی تعلق نہیں ہے وہ صرف اس خطے میں اسرائیل اور بعض عرب ڈکٹیٹر حکمرانوں کی حمایت کرکے دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی کے خطاب سے قبل صدر حسن روحانی نے ملکی اور غیر ملکی مسائل کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس ملاقات کے بعد حاضرین نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کی امامت میں نماز مغرب و عشا ادا کی اور رہبر معظم کے ساتھ روزہ افطار کیا۔