یمنی فوج اور عوامی رضاکار کمیٹیوں نے صوبہ المخا کے ساحل پر سعودی اتحاد کی ایک جنگی کشتی کو میزائل کا نشانہ بنا کر تباہ کردیا ہے۔یاد رہے کہ یمنیوں نے اس سے قبل بھی سعودی عرب کے کم از کم دس جنگی کشتیوں کو نشانہ بنا کر تباہ کیا ہے۔دوسری جانب ذرائع ابلاغ نے یمنی فوج اور عوامی رضاکار کمیٹیوں کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی علاقے عسیر میں 3 سعودی فوجیوں کی ہلاکت کی خبر دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یمنی فوج اور مفرور اور مستعفی صدرعبد ربہ منصور ہادی کے آلہ کاروں کے درمیان چوتھے روز بھی شدید جھڑپیں جاری ہیں۔
یمن کی مشترکہ افواج نے شمال مشرقی یمن میں مفرور صدر کے حامیوں کے دو حملوں کوناکام بنا دیا ہے۔ ان جھڑپوں میں جارح فوج کا ایک کمانڈر عبد اللہ احمد شعلان اور دیگر کچھ ایجنٹ ہلاک ہو گئے ہیں۔ ادھر آل سعود کے جنگی طیاروں نے مغربی یمن کے علاقے میدی اور حرض شہر پر شدید بمباری کی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب یمن میں اپنی کٹھ پتلی حکومت کے قیام اور یمن کے مفرور اور مستعفی صدر عبد ربہ منصور ہادی کو اقتدار میں واپس لانے کے لئے گذشتہ دو برس سے یمن پر حملے کر رہا ہےجس میں اب تک ہزاروں افراد شہید اور زخمی اورلاکھوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔