ترک فوجی ذرائع نے خبر دی ہے کہ ترک فوج قطر کی فوجی مشقوں میں حصہ لے گی۔
خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ترک فوجی ذرائع اور الجزیرہ چینل نے اعلان کیا ہے کہ ترک فوج قطر کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں میں شمولیت کی خواہاں ہے۔
یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب قطر اور 4 عرب ممالک کے درمیان کشیدگی اپنی انتہا کو پہنچ گئی ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ترک فوجی اتوار کے روز قطر پہنچ چکے ہیں جبکہ فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان مشقوں میں شمولیت کے لئے کوئی نئے دستے نہیں بھیجے گئے ہیں، جو ترک فوجی پہلے سے ہی قطر میں موجود ہیں وہ ان مشقوں میں حصہ لیں گی۔
ترکی پارلیمنٹ نے 7 جون کو ہنگامی حالات میں ایک بل پاس کرتے ہوئے فوج کو اجازت دی تھی کہ وہ اپنے دستے قطر میں تعینات کرے۔ ترکی نے 2014 کے معاہدے کے تحت مشرق وسطی میں اپنا پہلا فوجی اڈہ قطر میں بنایا ہے۔
ترک افواج نے اتوار کے روز طارق ابن زیاد چھاونی میں پہلی فوجی مشق میں حصہ لیا۔
ان مشقوں کا پروگرام پہلے ہی مرتب کر لیا گیا تھا۔