ایرانی حکومت کے ترجمان نے انسداد دہشتگردی کے عمل کو علاقائی امن و سلامتی کے لئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ١٩ مئی کے انتخابات کے دن ایران کی قومی یکجہتی کا دن تھا جبکہ دہشتگردوں کے خلاف پاسداران انقلاب کی میزائل کاروائی قومی طاقت کی علامت ہے۔
ان خیالات کا اظہار 'محمد باقر نوبخت' جو اسٹریٹجک منصوبہ بندی اور نگرانی کے نائب صدر بھی ہیں، نے منگل کے روز تہران میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی.
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سپاہ پاسداران اسلامی انقلاب کے ایسے اقدام نہ صرف اسلامی جمہوریہ ایران بلکہ علاقے کی سلامتی کی اہمیت کی نشاندہی کرتا ہے.
نوبخت نے کہا کہ داعش دہشتگردی کا رجحان ہے جو تمام علاقے اس گروپ کی کاروائی کا شکار ہو رہا ہے مگر اسلامی جمہوریہ ایران کے میزائل حملہ نے ثابت کیا کہ دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں علاقائی امن ہماری پہلی ترجیح ہے.
انہوں نے مزید کہا کہ ہمسایہ ممالک کو ایران کی قومی طاقت پر خوش ہونا چاہیئے کیونکہ ایسے اقدامات کے ساتھ ایرانی انٹیلی جنس فورسز دہشتگردوں کے نیٹ ورکس کو تباہ کررہے ہیں.
واضح رہے کہ سپاہ پاسداران اسلامی انقلاب (IRGC) نے تہران حملوں کے جوابی ردعمل میں اتوار کی رات شام کے علاقے دیر الزور میں قائم داعش کے تکفیری اور دہشتگردوں کے کمانڈ اینڈ کنٹرول کو میزائلوں سے نشانہ بنایا.
پاسداران انقلاب کے مطابق، کرمانشاہ اور کردستان میں موجود آئی آر جی سی ایرواسپیس بیس سے شام میں قائم دہشتگردوں کے مراکز پر درمیانے سطح اور زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے گئے جس کے نتیجے میں دہشتگردوں کو سنگین نقصان پہنچا.
ابتدائی معلومات کے مطابق، اس کاروائی میں متعدد دہشتگرد ہلاک اور ان کے جنگی آلات، تنصیبات اور اسلحہ ڈپو بھی مکمل تباہ ہوگیا ہے.
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے مزید کہا کہ اس کاروائی کا مقصد اور پیغام واضح ہے، ہم دہشتگردوں اور ان کے علاقائی اور بیرونی حواری اور حامیوں کو انتباہ کرتے ہیں کہ اگر ایرانی قوم کے خلاف ایسے سفاکانہ اور شیطانی اقدامات دہرائے گئے تو آئندہ ہمارا ردعمل مزید سخت اور تباہ کن ہوگا.
پاسداران انقلاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ گزشتہ رات شام کے علاقے دیر الزور پر داعش دہشتگرد تنظیم کے کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز پر 6 میزائل داغے گئے جو نہایت کامیاب رہے.
یاد رہے کہ 7 جون کو تہران میں ایرانی مجلس اور امام خمینی (رح) کے مزار پر دہشتگردی کے حملوں کے نتیجے میں 18 روزہ دار شہید اور 56 افراد زخمی ہوگئے.