قطر حکومت نے امریکہ سے 12 بلین ڈالر مالیت کے 36 ایف-15 طیارے خریدنے کی خبر دی ہے۔بلومبرگ نے تین آگاہ ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ قطر امریکہ سے 36 ایف-15 طیارے خریدنے کے معاہدے پر دستخط کریگا۔رویٹرز نے بھی اس معاہدے کے بارے میں آگاہ ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ امریکی وزیر دفاع جیمز میتھیس اور قطری وفد رواں ہفتے اس معاہدے پر دستخط کرنے کی غرض سے ملاقات کریں گے۔امریکہ نے گزشتہ سال نومبر کے مہینے میں قطر کو 21.1 بلین ڈالر مالیت کے 72 ایف-15 کیو-ای طیارے بیچنے پر اتفاق کیا تھا۔یہ خبر ایسے موقع پر وائرل ہوچکی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چند ہی دن پہلے قطر پر دہشتگردی کی حمایت کا الزام لگایا ہے۔قطر کی عرب ممالک بالخصوص سعودی عرب سے تعلقات کشیدہ ہونے کے بعد، دوحہ کے کئی عرب ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع ہوگئے ہیں۔
ان عرب حکومتوں نے قطر پر دہشتگردی کی حمایت کا الزام لگایا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی حکام نے اپنی دوہری پالیسی کے تحت کبھی قطر اور کبھی سعودی عربکی حمایت میں بیانات دئے ہیں جبکہ چند ہی دن گزرنے کے بعد معتدل موقف اپناتے ہوئے ان ممالک کے درمیان جاری بحران کے خاتمے اور ان کے باہمی اتحاد پر زور دے رہے ہیں۔
تاہم چند روز قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے قطر کے مقابلے میں سعودی عرب کی آشکار حمایت کرتے ہوئے دوحہ کو دہشتگردوں کا حامی قرار دیا۔ امیر کویت کی ثالثی کی کوششوں کی ناکامی کے بعد، مصر، سعودی عرب، بحرین اور متحدہ عرب امارات نے گزشتہ جمعرات کو مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے 59 قطری شہریوں اور اداروں کو دہشتگردوں کے حامیوں کی فہرست میں قرار دیا ہے جبکہ دوحہ نے ان تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیکر انہیں مسترد کردیا ہے۔اب قطر کے امیر بحران کے حل کیلئے مذاکرات کی بحالی کی کوششوں میں مصروف ہیں۔