تہران: رہبرانقلاب اسلامی نے انقلابی اصولوں کے تحفظ اور انہیں رائج کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہےرہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے انقلابی اصولوں کے تحفظ اور انہیں آگے بڑھانے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے فرمایا ہے کہ یہ کام سخت ہے اور اس کے لئے جد وجہد کی ضرورت ہے -رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ جس طرح اسلامی انقلاب کی کامیابی کے لئے مجاہدت ضروری تھی اسی طرح انقلابی اصولوں کو قائم اور اسلامی معاشرے کے قیام کے لئے بھی جد وجہد کی ضرورت ہے۔
تہران کے دینی مدارس میں نئے تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر صوبہ تہران کے دینی طلبا اور علما سے خطاب کرتے ہوئے رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ انسان ، معاشرے اور سیاست کے بارے میں اسلام کے پاس نئی اور پرکشش باتیں ہیں اور اگر یہ باتیں دنیا والوں تک صحیح طریقے سے پہنچائی جائیں تو یقینی طور پر انہیں سننے والے بہت ہوں گے-رہبرانقلاب اسلامی نے علما کو انبیا کے راستے کو آگے بڑھانے والی شخصیتوں سے تعبیر کیا اور فرمایا کہ جس طرح سے انبیا نے توحیدی اور الہی تصورکائنات کی حاکمیت کو برقرار کرنے اور ایک پاک و طاہر معاشرے کے قیام کی کوشش کی اسی طرح علما کی بھی اہم ترین ذمہ داری اسی فریضے کو ادا کرنا ہے,رہبرانقلاب اسلامی نے ایران میں اسلامی نظام کی تشکیل اور اس دور میں علما کے فرائض کی انجام دہی کی راہ میں پائی جانے والی آسانیوں اور مواقع کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ معاشرے پر اسلامی ماحول کا حکمفرما ہونا ان خصوصیات میں سے ایک ہے۔
اس کے علاوہ عالمی سطح پر بھی مارکسی اور لیبرل نظریات کے بے سود ہونے کے نتیجے میں جو نظریاتی اور عقیدتی خلا پایا جاتا ہے اس نے بھی اسلامی نظریات کی نئی اور پرکشش باتوں کو دنیا کے سامنے بیان کرنے کا موقع فراہم کردیا ہے – آپ نےفرمایا کہ آج کے دور میں وسیع تر ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا نے بھی اسلام کے حیات آفرین پیغام کو دنیا والوں تک پہنچانے کا بہترین موقع فراہم کر دیا ہے آپ نے فرمایا کہ اس دور کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ لوگوں کے ذہنوں میں سوالات اور شبہات کثرت سے پیدا ہورہے ہیں اور ہرکوئی اپنے سوالوں کا جواب پانے کا منتظر ہے اور یہ صورتحال علوم کی حدوں کو عبور کرنے کا بھی بہترین موقع ہے –۔