عراق کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتے ہیں: ایرانی وزیر دفاع
3577
m.u.h
19/08/2019
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع اور لاجسٹک نے عراق کی دفاعی طاقت کی تقویت کو ایران کے مقاصد میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم عراق میں قیام امن و سلامتی کو ایران میں قیام امن و سلامتی کے مترادف سمجھتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار بریگیڈیئر جنرل "امیر حاتمی" نے ایران کے دورے پر آئے ہوئے عراق کے وزیر داخلہ "یاسین الطاہری" کیساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے دفاعی اور سیکورٹی کے شعبے میں عراق کیساتھ باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر زور دیا اور کہا کہ عراقی وزرات داخلہ کو بطور ایک سیکورٹی تنظیم کے عراق میں قیام امن و سلامتی سمیت خطی سلامتی میں اہم کردار حاصل ہے۔
ایرانی ویر دفاع نے دونوں ممالک کے درمیان بے پناہ مشترکات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور عراق کو سیاسی، ثقافتی، تہذیبی مشترکات کے پیش نظر اور موجودہ سیاسی حالات کی وجہ سے باہمی مفادات کی فراہمی کیلئے ایک دوسرے کیساتھ بدستور رابطے میں رہنے کی ضرورت ہے۔
جنرل حاتمی نے اربعین پیدل مارچ کے دوران چہلم زائرین کے امن کی فراہمی کے حوالے سے عراقی حکومت کی کوششوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک میں زائرین کی آمد و رفت، ایران اور عراق کے درمیان قریبی اور دوستانہ تعلقات کی عکاسی کر رہی ہے۔
انہوں نے عراق کی دفاعی طاقت کی تقویت کو ایران کے مقاصد میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم عراق میں قیام امن و سلامتی کو اسلامی جمہوریہ ایران میں قیام امن و سلامتی کے مترادف سمجھتے ہیں۔
اس موقع پر عراق کے وزیر داخلہ نے عراق میں دہشتگرد گروہوں کیخلاف ایرانی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان سیکورٹی اور دفاعی شعبوں میں باہمی تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔
یاسین الطاہری نے عراق میں داعش کیخلاف جنگ میں اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت کی قدر کرتے ہوئے کہا کہ بحران کے دوران ایران، عراق کیلئے ایک قابل بھروسہ ملک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چہلم زائرین کے امن کی فراہمی عراقی وزارت داخلہ کی ترجیحات میں سر فہرست ہے۔