تہران - اٹلی کے وزیر خارجہ نے خطی اور عالمی امن و استحکام کے لئے ایران جوہری معاہدے کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم جوہری معاہدے کے حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران کی شفاف کارکردگی کو سراہتے ہیں۔
یہ بات 'انجیلینو الفانو نے گزشتہ روز اطالوی دارالحکومت 'روم کے دورے پر آنے والے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ 'محمد جواد ظریف کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایران کی مثبت کارکردگی کے حوالے سے عالمی جوہری توانائی ادارے (IAEA) کی حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے اطالوی وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران جوہری معاہدے کی حمایت کرتا ہے۔انہوں نے تہران کے حالیہ دہشتگردی کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے باہمی تعاون کے ذریعے انتہاپسندی اور دہشتگردی کے خاتمے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ اٹلی، ایران کے ساتھ کثیرالجہتی تعلقات کی توسیع کا خواہاں ہے اور اس کے علاوہ اطالوی کمپنیاں بھی ایران کے ساتھ تعاون کے قیام کے لئے آمادہ ہیں۔ اس نشست کے دوران ایران کے وزیر خارجہ نے علاقائی مسائل کے حل کے لئے اٹلی کے اہم کردار پر زور دیا۔انہوں نے شام کے خلاف امریکہ کی ممکنہ کاروائی پر خبردار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ بے بنیاد الزمات لگا کر شام پر حملہ کرنے سے داعش کو طاقت ملے گی۔
محمد جواد ظریف نے ایران اور اٹلی کے درمیان اقتصادی اور بینکاری وفود کے تبادلوں پر بھی زور دیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند سالوں سے اٹلی یورپی ممالک کے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کا اہم تجارتی اور اقتصادی شراکت دار بن گیا ہے. دونوں ممالک تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لئے اچھا تعاون کررہے ہیں اور اسی مقصد کے لئے ایرانی وزیر خارجہ روم کے دورے پر ہیں۔