دشمنوں کے خلاف قوم کے ساتھ رابطوں کو مضبوط کیا جائے: آیت اللہ خامنہ ای
3057
M.U.H
01/07/2018
ایران کے سپریم لیڈر حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ ملک کے خلاف دشمنوں کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے عوام کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار قائد اسلامی انقلاب حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ہفتہ کے روز تہران میں امام حسین (ع) ملٹری اکیڈمی سے تربیت حاصل کرنے والے کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ دشمن کے معاشی دباو کا اصل مقصد ایرانی عوام کو مایوس اور دلبرداشتہ کرنا ہے جبکہ ہم اپنی قوم کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنادیں گے اور قومی یکجہتی کے ساتھ ساتھ مومن اور با عمل نوجوانوں کی تقویت کرتے رہیں گے۔
قائد انقلاب نے اس بات پر زور دیا کہ اگر قومی دفاع کی بنیادوں کو مزید مضبوط کیا جائے اور اگر دشمنوں کے سامنے مایوسی کا مظاہرہ نہ کیا جائے تو ملک کے خلاف بدخواہ عناصر اپنے عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ اسلامی انقلاب کی جڑیں مضبوط ہیں جس کا مستقبل بھی روشن ہے لہذا اس کے طویل المدت مقاصد کے حصول کے لئے صبر و تحمل سے کام لینا چاہئے۔
حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے اس بات پر زور دیا کہ اگر اپنے کام اور مقاصد میں صبر و تحمل دیکھائیں تو اسلامی انقلاب کو کسی بھی طرح کا نقصان یا دھچکہ نہیں پہنچے گا۔
انہوں نے بعض حلقوں کی جانب سے دشمنوں کے سامنے جھکنے کی تجویز پر تبصرہ کرتے ہوئے فرمایا کہ دشمنوں کے سامنے جھکنے کی قیمت اس کے خلاف مزاحمت کرنے سے زیادہ چکانی پڑے گی جبکہ دشمن کا مقابلہ کرنے میں جو فائدہ ملتا ہے وہ جھکنے سے زیادہ ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے مزید فرمایا کہ حقیقی اقتدار، قوم کی خودمختاری اور آزادی کی بنا پر قائم ہے. اقتدار یہ نہیں کہ کچھ لوگ اغیار کو پیسے دیں اور ان سے ھتھیار خریدیں پھر ان کا ذیرہ کریں لیکن وہی لوگ انھی ھتھیاروں کا استعمال بھی نہ کرسکتے. اقتدار یہ نہیں کہ دنیا کے اس کونے سے کوئی آجائے اور ایک ملک میں اپنا اڈا بناکر وہاں کے عوام کا خون بہائے جس کا مقصد ایک مخصوص خاندان کی طاقت کو بچانا ہو، یہ اقتدار نہیں بلکہ ذلت اور بیوقوفی ہے۔
انہوں ںے فرمایا کہ ایرانی قوم کو چاہئے کہ اپنی دفاعی اور طاقت کی بنادیوں کا تحفظ کرتے ہوئے غیراعلانیہ صورتحال میں ان کا استعمال کرنے کے لئے آمادہ رہے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے مزید فرمایا کہ پاسداران اسلامی انقلاب فورس (IRGC) وطن عزیز ایران کی طاقت کی اہم بنیاد ہے جس کی صلاحیت اور وسائل میں دن بہ دن اضافہ ہونا چاہئے۔