آنحضرت (ص) کی اہانت، تمام ادیان ابراہیمی کی توہین ہے: سربراہ عدلیہ
2798
M.U.H
27/10/2020
ایران کی عدلیہ کے سربراہ سید ابراہیم رئیسی نے فرانسیسی حکام کی جانب سے پیغمبر اسلام (ص) کی شان اقدس میں کی جانے والی گستاخی کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ گستاخی نہ صرف تمام مسلمانوں بلکہ دنیا کے تمام اہل فکر و نظر اور اسکالروں کی نظر میں بھی قابل نفرت و مذمت عمل ہے۔
ایران کی عدلیہ کے سربراہ سید ابراہیم رئیسی نے فرانس میں حضرت رسالتمآب (ص) کی شان اقدس میں کی جانے والی گستاخی کو تمام ادیان ابراہیمی اور ان کے عقائد کی توہین قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ جب کوئی انسان کوئی غلطی و خطا کرتا ہے تو حکومت اس کے خلاف قانونی کاروائی کرتی ہے۔ سربراہ عدلیہ نے کہا کہ تمام ادیان ابراہیمی کی توہین ایک بڑا جرم ہے اور فرانس کی حکومت بذات خود اس غلط کام کی حمایت کر رہی ہے۔
سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ اس سلسلے میں فرانس میں جو حرکت انجام دی گئی وہ انسانی حقوق کے بھی منافی ہے۔
فرانسیسی جریدے چارلی ایبدو نے حال ہی میں ایک بار پھر حضرت ختمی مرتبت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی شان اقدس میں گستاخی کی تھی جس کے بعد فرانسیسی صدر میکرون نے سفارتی آداب و جمہوریت کے منافی اپنے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ فرانس میں اس قسم کی توہین رسالت کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔