سیدحسن نصراللہ نے امریکہ کو دھمکی دے دی، جنگ بند کرو ورنہ اس کا نقصان براہ راست تمہارا ہوگا
1851
m.u.h
03/11/2023
حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے اپنی تقریر میں کہا کہ ایک مہینے سے غزہ پر بمباری ہو رہی ہے، بچوں کے ٹکڑے ٹکڑے کئے جا رہے ہیں۔ اس میں امریکہ اور یورپ اور عالمی قوانین کی حقیقت سامنے آرہی ہے۔ پورے ان واقعات اور حالات کی ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوتی ہے جو غزہ میں قیام امن اور غزہ پر حملوں کو رکنے نہیں دے رہا۔ امام خمینی کے بقول امریکہ شیطان بزرگ ہے۔
امریکہ نے اس جنگ کا انتظام سنبھالے ہوئے ہے اور اسے جوابدہ ہونا پڑے گا۔ ہر حریت پسند انسان کی ذمہ داری ہے کہ ان حقیقتوں پر روشنی ڈالے۔ یہ انسانیت اور وحشی پن کی جنگ ہے۔ ہر ایک کی ذمہ داری ہے کہ ان کی حمایت کرے لکھ کر، آواز اٹھا کر، مظاہروں میں شرکت کرکے ورنہ اسے اپنی انسانیت، وقار پر نظر ثانی کرنی ہوگی۔
حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دے کر کہا کہ پہلے دن سے ہم امریکیوں کی دھمکیوں کو سنتے آ رہے ہیں کہ ہمیں بمباری اور گولہ باری کا نشانہ بنائیں گے لیکن ہم خوفزدہ نہیں ہیں۔ ہمارے اقدامات غزہ میں صیہونی دشمن کے اقدامات کے برابر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ صیہونی دشمن جان لے کہ ہمارے سامنے تمام آپشنز موجود ہیں۔ ہمیں ہر صورتحال کےلئے تیار رہنا ہوگا۔
سید حسن نصراللہ نے کہا کہ امریکیوں سے کہوں گا کہ تمھاری دھونس دھمکیوں کا کوئی اثر نہیں ہے۔ تمھارے بحری بیڑے سے ہم نہ ڈریں ہیں نہ ڈریں گے۔ تمھارے بحری بیڑے کو ڈبونے کے لئے مناسب ہتھیار تیار کر رکھے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ جان لے کہ اگر جنگ پھیل گئی تو نہ تو تمھاری بحریہ تمھارے کام آئے گی نہ ہی تمھاری فضائیہ لہذا جنگ کو بند کرو جو تمھارے ہی کنٹرول میں ہے ورنہ اس کا نقصان براہ راست تمہارا ہوگا۔