ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے صیہونی حکومت کو دنیا کی بدترین نسل پرست حکومت قرار دیا ہے۔
اسرائیل میں صیہونی ریاست کے بل کی منظوری پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ترکی کے صدر رجب طیب ادوغان کا کہنا تھا کہ صیہونی حکام آج کے دور میں ہٹلر کا عملی نمونہ ہیں۔
ترک صدر نے کہا کہ فلسطین کی مقدس سرزمین کو یہودیوں کی مملکت قرار دینے کی سوچ اور ہٹلر کے نسل پرستانہ نظریات کے درمیان کوئی فرق نہیں ہے۔
انہوں نے اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینوں کے قتل عام کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جنگی جہازوں، ٹینکوں اور توپوں کے ذریعے غزہ کے بے گناہ عوام کا قتل عام کھلی دہشت گردی ہے۔
صیہونی حکومت نے جمعرات کے روز صیہونی ریاست کا بل پارلیمنٹ سے منظور کرایا ہے۔ اس بل کے تحت پورا مقبوضہ فلسطین غاصب صیہونیوں کا ہے اور اس میں آباد فلسطینیوں کو کسی بھی قسم کے شہری یا انسانی حقوق حاصل نہیں ہیں۔