اقوام متحدہ۔اقوام متحدہ نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے جاری دہشت گردوں کی اس فہرست کو تسلیم کرنے کے لیے وہ پابند نہیں ہے جس میں قطر کے مشہور سماجی اداروں کے نام شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گٹیرس کے ترجمان اسٹیفن ڈجار نے کل کہا کہ انہوں نے میڈیا کی رپورٹوں میں دیکھا ہے کہ چار عرب ممالک نے دہشت گردوں کی ایک فہرست جاری کی ہے جس میں قطر کی سماجی اداروں کے نام شامل ہیں۔ مسٹر ڈجار نے کہا، اقوام متحدہ صرف اس فہرست کو تسلیم کرنے کے لیے پابند ہے جسے سلامتی کونسل کے رکن ممالک مشترکہ طورپر جاری کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہم کسی بھی فہرست کو تسلیم کرنے کے پابند نہیں ہیں۔ ' انہوں نے کہا کہ قطر کی سب سے بڑی غیر سرکاری تنظیم قطر چیریٹی نے اقوام متحدہ،یو این ایچ سی آر، یونیسیف، آکسفیم، کیئر اور يو ایس اے آئی ڈی کے ساتھ کام کیا ہے۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے جمعرات کے روز اپنے طور پر قطر کے جن اداروں کو بلیک لسٹ میں شامل کیا ہے ان میں شیخ الثانی بن عبداللہ فور هيومنیٹیرين سروسز، شیخ عید الثانی چیریٹی فاؤنڈیشن بھی شامل ہے۔ وہیں قطر نے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں پر تنقید کرتے ہوئے اس فہرست کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔