اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ میانمار کے مسلمانوں پر ظلم و ستم کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کا میانمار کے مسلمانوں کو امدادبہم پہنچانے اور میانمار حکومت پر دباؤ ڈالنے پر اتفاق ہے۔ صدر حسن روحانی نے قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے سائنس اور ٹیکنالوجی کے سربراہی اجلاس میں شرکت اور خطاب کیا صدر حسن روحانی نے اپنے خطاب میں اسلامی ممالک پر زور دیا کہ وہ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں اپنی پسماندگی کو باہمی تعاون کے ساتھ دور کریں۔ صدر روحانی کا تہران پہنچنے پر نائب صدر جہانگیری اور رہبر معظم کے بین الاقوامی امور کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی اور دیگر اعلی حکام نے استقبال کیا۔
صدر حسن روحانی نے تہران میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک میانمار کے مسلمانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اورکسی کو نہتے اور مظلوم مسلمانوں کے قتل عام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک میانمار کی حکومت پر دباؤ ڈالنے اور میانمار کے مسلمانوں کی مدد کرنے پر متفق ہیں اور اس سلسلے میں آئندہ چند دنوں میں ٹھوس اقدامات کئےجائیں گے۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ ہم علم و سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبہ میں خاطر حواہ ترقی کے ذریعہ ہی عالمی چیلنجوں کامقابلہ کرسکتے ہیں بعض سامراجی طاقتیں ہمیں علمی میدان میں پسماندہ رکھنے اور آپسی اختلافات میں دھکیلنےکی تلاش و کوشش کررہی ہیں لیکن ہمیں باہمی اتحاد کے ساتھ علمی میدان میں آگے بڑھ کر اپنا لوہا منوانا ہوگا۔